اپریل 4, 2025 12:33 صبح

English / Urdu

Follw Us on:

پی ایس ایل کے دسویں ایڈیشن کا ترانہ “ایکس دیکھو” ریلیز کر دیا گیا

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک

پاکستان کرکٹ بورڈ نے بدھ کے روز پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دسویں ایڈیشن کا آفیشل ترانہ ’ایکس دیکھو‘ جاری کر دیا۔

معروف پنجابی گلوکار ابرارالحق پہلی بار پی ایس ایل کے ترانے میں اپنی آواز کا جادو جگا رہے ہیں، ان کے ساتھ علی ظفر اور نتاشا بیگ نے بھی ترانے میں اپنی آواز کا رنگ بھرا ہے۔ اس کے علاوہ معروف ریپر طلحق انجُم بھی اس ترانے کا حصہ ہیں۔

پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹو سلمان نصیر نے ترانے کی ریلیز سے قبل کہا تھا کہ یہ گانا پی ایس ایل کی کامیابیوں کے دس سال مکمل ہونے کی خوشی میں تیار کیا گیا ہے۔ اسی لیے اس کا نام ’ایکس دیکھو‘ رکھا گیا، جو اس لیگ کے دوران عبور کی گئی مشکلات اور حاصل کی گئی کامیابیوں کی علامت ہے۔

 

View this post on Instagram

 

A post shared by Pakistan Super League (@thepsl)


انہوں نے کہا کہ ترانے میں چار مختلف پس منظر اور میوزیکل انداز رکھنے والے فنکاروں کو شامل کرنا پاکستان کے ٹیلنٹ کی وسعت اور تنوع کو ظاہر کرتا ہے۔ اس بار ایک ایسا گانا بنانے کی کوشش کی گئی جو نیا ہونے کے ساتھ ساتھ مانوس بھی محسوس ہو اور عالمی سطح پر شائقین کو اپنی طرف متوجہ کرے۔

پاکستان سپر لیگ کے دسویں ایڈیشن کا آغاز 11 اپریل کو ہونے جا رہا ہے، جس کا پہلا میچ دفاعی چیمپیئن اسلام آباد یونائیٹڈ اور دو مرتبہ کی فاتح ٹیم لاہور قلندرز کے درمیان راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

پی سی بی کے مطابق، راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم 11 میچوں کی میزبانی کرے گا، جس میں 13 مئی کو پہلا کوالیفائر بھی شامل ہوگا۔ کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم اور ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں پانچ، پانچ میچز کھیلے جائیں گے۔

کراچی کنگز اپنی مہم کا آغاز 12 اپریل کو اپنے ہوم گراؤنڈ میں ملتان سلطانز کے خلاف کرے گی۔

گزشتہ ماہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے اعلان کیا تھا کہ پی ایس ایل 10 کے میچز کے لیے ٹکٹس 3 اپریل سے آن لائن فروخت کے لیے دستیاب ہوں گی۔

پی سی بی کے مطابق، 7 اپریل سے ٹکٹس مخصوص ٹی سی ایس ایکسپریس سینٹرز پر دستیاب ہوں گی، جبکہ آن لائن بک کیے گئے ٹکٹس بھی ٹی سی ایس کے مقررہ پوائنٹس سے حاصل کیے جا سکتے ہیں یا پھر صارفین انہیں ہوم ڈلیوری کے ذریعے منگوا سکتے ہیں۔

پی ایس ایل 10 کے میچز کے لیے جنرل ٹکٹ کی قیمت چاروں وینیوز پر 650 روپے مقرر کی گئی ہے۔

یہ پاکستان میٹرز نیوز ڈیسک کی پروفائل ہے۔

نیوز ڈیسک

نیوز ڈیسک

Share This Post:

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

متعلقہ پوسٹس