راولپنڈی میں پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان سے اہل خانہ اور پارٹی رہنماؤں کی ملاقات نہ ہونے پر پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے اڈیالہ جیل کے باہر احتجاج کیا گیا، جہاں پولیس سے جھڑپیں ہوئیں اور پتھراؤ بھی کیا گیا۔
نجی نشریاتی ادارے ڈان نیوز کے مطابق عمران خان کی بہنیں، بشریٰ بی بی کے رشتہ دار، پی ٹی آئی کی سینئر رہنما عالیہ حمزہ، صاحبزادہ حامد رضا اور دیگر رہنما اڈیالہ جیل پہنچے، تاہم جیل انتظامیہ کی جانب سے ملاقات کی اجازت نہ دی گئی۔ پولیس نے گھورکپور ناکے پر عمران خان کی بہنوں اور دیگر افراد کو روک لیا۔
عمران خان کی بہنیں علیمہ خان، عظمیٰ خان اور کزن قاسم نیازی کو نجی فارماسیوٹیکل کمپنی کے قریب روکا گیا۔ پولیس نے صرف عظمیٰ خان، نورین خان اور قاسم نیازی کو ملاقات کی مشروط اجازت دی، لیکن اہل خانہ نے علیمہ خان کو شامل کیے بغیر ملاقات سے انکار کر دیا۔
اس دوران پی ٹی آئی کارکنوں کی بڑی تعداد جیل کے قریب جمع ہو گئی اور احتجاج شروع کر دیا۔ پولیس نے موقع پر موجود چار کارکنوں کو حراست میں لے لیا، تاہم بعد ازاں انہیں واپس جانے کی یقین دہانی پر رہا کر دیا گیا۔
قائد حزب اختلاف عمر ایوب، زرتاج گل، ملک عامر ڈوگر اور دیگر رہنما بھی اڈیالہ جیل کے قریب پہنچے۔ پولیس نے اپوزیشن لیڈر پنجاب ملک احمد خان بھچر اور ان کے ہمراہ موجود معین قریشی کو بھی آگے جانے سے روک دیا۔
عمر ایوب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں عدالتی احکامات کی خلاف ورزی ہو رہی ہے، عمران خان کو نہ صرف ملاقات کے حق سے محروم رکھا جا رہا ہے بلکہ عید پر نماز کی اجازت بھی نہیں دی گئی۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کو تین ماہ سے بیٹوں سے بات نہیں کرنے دی گئی۔
زرتاج گل نے کہا کہ سیاسی کارکنوں کو دہشت گرد سمجھنے کی پالیسی ختم ہونی چاہیے۔ عمران خان کو جیل میں رکھا گیا ہے اور ان کے اہل خانہ کو ملنے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔
واضح رہے کہ احتجاج کے دوران پولیس نے عمران خان کی بہنوں، عالیہ حمزہ اور دیگر خواتین کارکنوں کو حراست میں لے لیا اور انہیں ایک نجی شادی ہال منتقل کیا گیا، جہاں وہ لان میں بیٹھ گئیں۔ پولیس افسران بھی ان کے ساتھ موجود رہے۔ خواتین نے گھر جانے سے انکار کرتے ہوئے باقاعدہ گرفتاری کا مطالبہ کیا۔
صحافیوں کے ساتھ ناروا سلوک پر سی پی او راولپنڈی سید خالد ہمدانی نے نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ اہلکار کو معطل کر دیا اور مکمل انکوائری کا حکم دیا۔ سی پی او نے کہا کہ راولپنڈی پولیس صحافیوں کا احترام کرتی ہے اور واقعے میں ملوث اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ عمران خان کی بہنوں نے علیمہ خان کے بغیر ملاقات سے انکار کر کے ثابت کر دیا کہ وہ کسی دباؤ کے آگے نہیں جھکتیں، کاش دیگر پارٹی رہنما بھی ایسا ہی کردار دکھاتے۔