پی ایس ایل 10 کا افتتاحی میچ اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز کے مابین پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلا گیا، جہاں یونائیٹڈ نے قلندرز کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔
اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا ہے اور قلندرز کی پہلے بلے بازی کی دعوت دی، قلندرز کی پوری ٹیم ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور 139 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ یونائیٹڈ نے باآسانی ہدف کا تعاقب کیا اور میچ 8 وکٹوں سے جیت لیا۔
لاہور قلندرز کی جانب سے اوپننگ کے لیے جارح مزاج بلے باز فخر زمان اور ڈیبیو کرنے والے محمد نعیم کریز پر تشریف لائے، مگر فخر زمان کریز پر ٹک نہ سکے اور 1 رن بنا کر چلتے بنے۔
یونائیٹڈ بولنگ لائن اپ نے قلندرز کے بیٹرز کو ہلا کر رکھ دیا، ایک کے بعد دوسرا اور پھر تیسرا ایسے کرتے 19.2 اوورز میں پوری ٹیم پویلین لوٹ گئی۔
قلندرز بلے باز یونائیٹڈ گیندبازوں کے سامنے بے بس نظر آئے، قلندرز کی جانب سے عبداللہ شفیق نے عمدہ باری کھیلی اور 38 گیندوں پر 66 رنز بنائے۔
یونائیٹد کی جانب سے جیسن ہولڈر نے 4، کپتان شاداب خان نے 3، جب کہ نسیم شاہ، ریلی میرڈیتھ اور عماد وسیم نے 1،1،1 وکٹ حاصل کی۔
یونائیٹد نے 140 رنز کا تعاقب 17.4 اوورز میں حاصل کر کے 8 وکٹوں سے جیت حاصل کرلی، یونائیٹڈ نے 140 رنز کے تعاقب میں 143 رنز بنائے۔
قلندرز گیندبازوں نے انتہائی غیر معمولی گیندبازی کا مظاہرہ کیا، قلندرز کی جانب سے آصف آفریدی نے اچھی گیندبازی کا مظاہرہ کیا مگر وہ بھی محض ایک وکٹ ہی لے پائے۔ ان کے علاوہ حارث رؤف نے بھی ایک وکٹ حاصل کی۔
ایچ بی ایل پی ایس ایل کا میلہ راولپنڈی میں سج گیا، جہاں افتتاحی میچ سے قبل پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں رنگا رنگ افتتاحی تقریب منعقد کی گئی، افتتاحی تقریب میں آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا۔
افتتاحی تقریب میں نامور گلوکاروں اور فنکاروں نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا، گلوکار علی ظفر، نتاشا بیگ، ابرارالحق اور طلحہ انجم نے پی ایس ایل 10 کا ترانہ پیش کیا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز کے مابین ایچ بی ایل پی ایس ایل کا افتتاحی میچ 8:30 پر کھیلا جائے گا، شائقین کی بڑی تعداد اس وقت راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں میچ دیکھنے کے لیے موجود ہے۔ شائقین کرکٹ میچ دیکھنے کے لیے پرجوش ہیں۔
واضح رہے کہ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پہلی بار افتتاحی میچ سمیت 11 مقابلے ہوں گے۔