مالکن کے مبینہ تشدد سے جاں بحق ہونے والی 10 سالہ گھریلو ملازمہ کے دلخراش واقعے پر ڈی آئی جی آپریشنز نے فوری نوٹس لیتے ہوئے کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔
واقعہ لاہور کے تھانہ ہنجروال کی حدود میں پیش آیا، جہاں کمسن ملازمہ سونیا مبینہ طور پر فرخ بشیر اور اس کی اہلیہ نوشین کے گھر پر کام کرتی تھی۔

ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کے مطابق، وقوعہ کی اطلاع ملتے ہی ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی جس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے واقعے میں ملوث ملزمہ نوشین اور اس کے شوہر فرخ بشیر کو گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس کے مطابق، مقدمہ نمبر 1142/25 درج کر کے تحقیقات اور گرفتاری کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔

فیصل کامران نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی واضح ہدایت ہے کہ خواتین اور بچوں پر تشدد ہر صورت ناقابل قبول ہے اور اسے ریڈ لائن تصور کیا جائے گا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ایسے واقعات کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور ملزمان کو قانون کے مطابق سخت سزا دلوائی جائے گی تاکہ آئندہ کسی معصوم جان کے ساتھ ایسا سلوک نہ ہو۔