نوشہرہ کے علاقے رشکئی کے قریب موٹروے پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے سینیئر سول جج ایڈمن مردان محمد حیات خان اور ان ک بہنوئی وکیل خالد خان جاں بحق ہو گئے۔
پولیس کے مطابق دلخراش واقعہ نوشہرہ کے علاقے رشکئی میں اس وقت پیش آیا، جب مقتولین گاڑی میں سفر کر رہے تھے کہ اچانک نامعلوم موٹرکار سوار ملزمان نے ان پر فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے نتیجے میں دونوں افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے، جب کہ حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
مزید پڑھیں: لیبیا میں تارکین وطن کی کشتی کو حادثہ: 11 افراد جاں بحق، کتنے پاکستانی شامل ہیں؟
ضلعی پولیس افسر نوشہرہ عبدالرشید خان کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ واقعہ ذاتی دشمنی اور زمین کے پرانے تنازعے کا شاخسانہ لگتا ہے۔
پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے مقدمہ درج کرنے کی کارروائی شروع کر دی ہے، جب کہ ملزمان کی تلاش کے لیے چھاپے مارنے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔