Follw Us on:

انڈیا کا فیصلہ نہ صرف اشتعال انگیز بلکہ غیرذمہ دارانہ ہے، شرجیل میمن

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک

سندھ کے سینئر وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے کے اعلان پر شدید ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے اسے کھلی جارحیت اور خطے کے امن کے لیے سنگین خطرہ قرار دیا ہے۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ یہ فیصلہ نہ صرف اشتعال انگیز اور غیرذمہ دارانہ ہے بلکہ عالمی قوانین کی صریح خلاف ورزی بھی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انڈیا دانستہ طور پر خطے میں جاری امن کی کوششوں کو سبوتاژ کرنا چاہتا ہے۔

وزیر اطلاعات نے الزام عائد کیا کہ نئی دہلی ماضی میں بھی عالمی دوروں اور اہم مواقع کے دوران فالس فلیگ کارروائیوں کا سہارا لے کر دنیا کی توجہ اپنے اندرونی مظالم سے ہٹاتا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: انڈین اقدامات کا جواب، قومی سلامتی کمیٹی کا ہنگامی اجلاس آج ہوگا

انہوں نے یاد دلایا کہ سابق امریکی صدر بل کلنٹن کے دورۂ انڈیا کے دوران بھی ایک فالس فلیگ آپریشن میں بے گناہ سکھوں کو نشانہ بنایا گیا تھا اور اب پہلگام کے واقعے کے ذریعے وہی پرانی چال دہرائی جا رہی ہے۔

شرجیل میمن نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف عالمی جنگ کا سب سے مؤثر حصہ رہا ہے اور اس راہ میں ہزاروں شہریوں اور سکیورٹی اہلکاروں نے قربانیاں دی ہیں۔

انہوں نے اے پی ایس سانحہ اور سابق وزیرِاعظم بینظیر بھٹو کی شہادت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہماری قربانیوں کی طویل فہرست اس جدوجہد کی گواہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سندھ طاس معاہدے کی معطلی محض آبی تنازعہ نہیں بلکہ یہ ظاہر کرتا ہے کہ انڈیا طاقت کے نشے میں جنگ کی راہ پر گامزن ہے، لیکن پاکستان اس اشتعال انگیزی کو ہرگز برداشت نہیں کرے گا۔

انہوں نے بھارتی اقدام کو اخلاقی دیوالیہ پن کی علامت قرار دیتے ہوئے عالمی برادری، اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ وہ اس سنگین خلاف ورزی کا فوری نوٹس لیں اور خطے میں امن و استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔

یہ پاکستان میٹرز نیوز ڈیسک کی پروفائل ہے۔

نیوز ڈیسک

نیوز ڈیسک

Share This Post:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

متعلقہ پوسٹس