ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف حکومت سندھ کی جانب سے 9 اپریل 2025 سے شروع کی گئی خصوصی مہم کے تحت اب تک 23,591 موٹر سائیکلیں ضبط کی جا چکی ہیں۔
وزیر اطلاعات و ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن نے بتایا کہ یہ کریک ڈاؤن مکمل قوت اور مستقل مزاجی کے ساتھ جاری ہے تاکہ سڑکوں پر ٹریفک کی روانی، شہریوں کا تحفظ اور قانون کی بالا دستی کو یقینی بنایا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں: ایک چھوٹا سا مچھر آپ کی جان لے سکتا ہے، ملیریا سے بچاؤ کیسے ممکن؟
شرجیل انعام میمن کے مطابق غیر قانونی فینسی نمبر پلیٹس، کالے شیشے، اور دیگر ممنوعہ ترامیم کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے اب تک 1,813 گاڑیوں کے خلاف ایکشن لیا گیا ہے۔ اسی طرح ہیوی اور لائٹ ٹرانسپورٹ کی 390 گاڑیاں بھی ضبط کی گئیں جبکہ 359 گاڑیوں کی رجسٹریشن عارضی طور پر معطل کر دی گئی ہے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ “ٹریفک کی بدانتظامی، بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانا، کم عمر ڈرائیورز، اور دیگر خطرناک عوامل شہریوں کی زندگی کو شدید خطرے میں ڈالتے ہیں، جن کے خلاف سخت اقدامات ناگزیر ہو چکے ہیں۔”
انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کی جانوں سے کھیلنے والے عناصر کو یا تو راہِ راست پر لایا جائے گا یا ان کے ساتھ قانون کے مطابق سختی سے نمٹا جائے گا۔ “حکومت سندھ اس مہم کو وقتی کارروائی نہیں بلکہ ایک مستقل اصلاحی تحریک میں تبدیل کرنا چاہتی ہے تاکہ ایک محفوظ اور قانون پسند معاشرہ تشکیل دیا جا سکے۔”
شرجیل انعام میمن نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اس مہم کا حصہ بنیں، قانون پر عمل کریں اور دوسروں کو بھی ترغیب دیں کہ وہ ذمہ دار شہری بنیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ٹریفک نظام کو بہتر بنانے کے لیے حکومت تمام ممکنہ اقدامات اٹھا رہی ہے۔