نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ نے بنوں خیبرپختونخوا میں پولیو کے ایک نئے کیس کی تصدیق کی ہے ، جو اس سال صوبے سے تیسرا اور پاکستان بھر میں آٹھواں کیس رپورٹ ہوا ہے۔
یہ تصدیق اس وقت سامنے آئی ہے جب وزیر اعظم شہباز شریف کو ایک جائزہ اجلاس کے دوران بتایا گیا تھا کہ 10 فروری کے بعد سے پولیو کا کوئی نیا کیس رپورٹ نہیں ہوا، اس کامیابی کا سہرا ملک گیر کاوشوں کے سر ہے۔
17 اپریل کو اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے پاکستان کو پولیو سے پاک بنانے کے لیے حکومتی اداروں، بین الاقوامی اداروں اور شراکت داروں کے کام کو سراہا۔
اس ہفتے شروع کی جانے والی پولیو کے خاتمے کی تازہ ترین مہم کا مقصد پانچ سال سے کم عمر کے ساڑھے 45 لاکھ سے زائد بچوں کو قطرے پلانا ہے، جن میں بلوچستان میں 26 لاکھ سے زیادہ شامل ہیں۔
سال کی دوسری انسداد پولیو مہم 27 اپریل تک جاری رہے گی۔ اگلی ملک گیر مہم 26 مئی سے یکم جون تک چلائی جائے گی۔
صحت کے حکام نے والدین پر زور دیا ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ ان کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں تاکہ عمر بھر کی معذوری کو روکا جا سکے۔
پاکستان اور پڑوسی افغانستان واحد ممالک ہیں جہاں پولیو اب بھی وبائی مرض ہے ،عسکریت پسندوں نے کئی دہائیوں سے ویکسینیشن ٹیموں اور ان کے حفاظتی دستوں کو نشانہ بنایا ہے۔