Follw Us on:

کینیڈا: وینکوور میں ثقافتی میلے کے دوران گاڑی کے ہجوم پر چڑھنے سے 9 افراد ہلاک، متعدد زخمی ہوگئے

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک
پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے وینکوور سے تعلق رکھنے والے 30 سالہ شخص کو جائے وقوعہ سے گرفتار کر لیا۔ (فوٹو: گوگل)

کینیڈا کے شہر وینکوور میں ایک ثقافتی میلے کے دوران افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں ایک شخص نے ہجوم پر گاڑی چڑھا دی، جس کے نتیجے میں کم از کم 9 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے۔

نجی خبررساں ادارے انڈیپینڈینٹ اردو کے مطابق واقعہ ہفتے کی شب 8 بج کر 14 منٹ پر پیش آیا، جب ایک گاڑی ’لاپو لاپو ڈے فیسٹیول‘ کے دوران اچانک گلی میں داخل ہو کر شرکاء پر چڑھ دوڑی۔

پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے وینکوور سے تعلق رکھنے والے 30 سالہ شخص کو جائے وقوعہ سے گرفتار کر لیا اور میجر کرائم سیکشن نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

پولیس نے ابتدائی بیان میں واضح کیا کہ موجودہ شواہد کے مطابق یہ واقعہ دہشت گردی سے تعلق نہیں رکھتا۔ وینکوور کے عبوری پولیس چیف سٹیو رائے نے نیوز کانفرنس میں بتایا کہ حملہ آور کو راہ گیروں نے قابو پانے کے بعد پولیس کے حوالے کیا۔

سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیوز میں ایک سکیورٹی گارڈ کے ہمراہ کالے ہوڈی میں ملبوس نوجوان کو دیکھا جا سکتا ہے، جو معذرت کرتے ہوئے کہتا ہے کہ “مجھے افسوس ہے۔”

عبوری پولیس چیف نے ویڈیو پر براہ راست تبصرہ کرنے سے گریز کیا تاہم بتایا کہ زیرِ حراست شخص پولیس کے لیے پہلے سے جانا پہچانا تھا اور وہ “مخصوص حالات” میں کام کر رہا تھا۔

واضح رہے کہ حادثہ جنوبی وینکوور کے ایک علاقے میں پیش آیا جہاں یہ ثقافتی میلہ جاری تھا۔ جائے وقوعہ سے لی گئی تصاویر میں ایک سیاہ رنگ کی ایس یو وی دیکھی جا سکتی ہے جس کے اگلے حصے کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

تقریب میں شریک وینکوور کے کاروباری شخصیت جیمز کروزٹ نے واقعے کی منظرکشی کرتے ہوئے بتایا کہ “ہم نے سڑک پر لوگوں کو روتے، چیختے اور مدد مانگتے دیکھا۔ کچھ زخمی حالت میں زمین پر پڑے تھے اور کچھ بے جان لگ رہے تھے۔”

مزید پڑھیں: ایرانی بندرگاہ پر دھماکہ: 700 سے زائد افراد زخمی، پانچ جاں بحق

وینکوور کے میئر کینتھ سم نے اپنے ایک بیان میں واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مکمل معلومات دستیاب ہوتے ہی عوام سے شیئر کی جائیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ “آج لاپو لاپو ڈے کی تقریب میں ہونے والے اندوہناک واقعے پر میں شدید رنجیدہ اور حیران ہوں۔”

یہ پاکستان میٹرز نیوز ڈیسک کی پروفائل ہے۔

نیوز ڈیسک

نیوز ڈیسک

Share This Post:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

متعلقہ پوسٹس