Follw Us on:

الخدمت فاؤنڈیشن کی جانب سے غزہ کے لیے 26 ویں امدادی کھیپ اردن پہنچ گئی

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک
Al khidmat
الخدمت فاؤنڈیشن کی جانب سے غزہ کے لیے 26 ویں امدادی کھیپ اردن پہنچ گئی

الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کی جانب سے غزہ کے جنگ زدہ اور محصور عوام کے لیے 40 ٹن امدادی سامان سے لیس 26 ویں امدادی کھیپ اردن کے دارالحکومت عمان پہنچا دیا گیا۔ یہ امداد پاکستانی عوام کی طرف سے مظلوم فلسطینی بھائیوں کے لیے جذبۂ ہمدردی اور یکجہتی کا عملی اظہار ہے۔

الخدمت فاؤنڈیشن کے صدر ڈاکٹر حفیظ الرحمن کے مطابق امدادی سامان میں 20 ٹن ادویات، 5 ٹن ہائی جین کٹس اور 15 ٹن خیمے شامل ہیں۔

امدادی کھیپ حکومت پاکستان اور نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے تعاون سے روانہ کی گئی۔

ڈاکٹر حفیظ الرحمن نے بتایا کہ رمضان المبارک کے موقع پر الخدمت فاؤنڈیشن نے 900 ٹن امدادی سامان فضائی کارگو کے ذریعے غزہ روانہ کرنے کا منصوبہ بنایا تھا، تاہم مصر اور اردن کے سرحدی راستوں کی بندش کے باعث رمضان میں یہ امداد بروقت نہ پہنچ سکی۔ مسلسل سفارتی اور انتظامی کوششوں کے بعد اب امدادی سامان کی ترسیل ممکن بنائی جا رہی ہے۔

الخدمت فاؤنڈیشن کے مطابق لاہور اور کراچی میں موجود 900 ٹن امدادی سامان کی روانگی کے لیے تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ آئندہ دنوں میں یہ سامان، جس میں ادویات، خیمے، ترپالیں، سلیپنگ بیگز اور ٹن فوڈ شامل ہیں، 6 سے 7 طیاروں کے ذریعے مرحلہ وار اردن اور مصر کے راستے غزہ بھیجا جائے گا۔

اس سے قبل الخدمت فاؤنڈیشن نے حکومت پاکستان، نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی، جارڈن ہاشمائیٹ چیریٹی آرگنائزیشن اور رائل میڈیکل سروسز کے تعاون سے 19 طیاروں اور 4 بحری جہازوں کے ذریعے 6 ارب روپے مالیت کا 3800 ٹن امدادی سامان غزہ روانہ کیا تھا۔

یہ پاکستان میٹرز نیوز ڈیسک کی پروفائل ہے۔

نیوز ڈیسک

نیوز ڈیسک

Share This Post:

متعلقہ پوسٹس