Follw Us on:

اسکول ٹیچر کی ہراسانی، لودھراں میں 16 سالہ زینب نے کیڑے مار دوا کھا کر خودکشی کر لی

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک
Lodhran

لودھراں کے علاقے گوگراں میں دسویں جماعت کی ایک طالبہ دعا زینب نے مبینہ طور پر ہراسانی، بلیک میلنگ اور مسلسل دھمکیوں کے باعث خودکشی کر لی۔ 16 سالہ دعا زینب نے زہریلی کیڑے مار دوا کھا کر اپنی زندگی کا خاتمہ کیا۔ یہ دوا عموماً گندم کو محفوظ رکھنے کے لیے استعمال کی جاتی ہے۔

دعا کے والد اللہ بخش کی شکایت پر قریشی والا تھانے میں تعزیرات پاکستان کی دفعہ 316 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا، جس میں اسکول کے کیمسٹری اور عربی کے استاد محمد ثقلین کو نامزد کیا گیا ہے۔ پولیس نے ملزم کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بنوں میں دہشتگردوں اور سی ٹی ڈی کے درمیان جھڑپ میں تین اہلکار شہید، دو دہشتگرد ہلاک

اللہ بخش نے بیان دیا کہ ان کی بیٹی کو اس کے استاد ثقلین نے وٹس ایپ پر بارہا کالز اور پیغامات کے ذریعے ہراساں کیا، بلیک میل کیا اور شادی کی پیشکش کا دباؤ ڈالا۔ دعا نے اپنی موت سے قبل ایک ویڈیو بیان بھی ریکارڈ کیا، جس میں اس نے ملزم کا نام لے کر ساری صورتحال بیان کی اور کہا کہ وہ اپنی عزت اور خاندان کی عزت کی خاطر یہ انتہائی قدم اٹھا رہی ہے۔

پولیس نے دعا زینب کا موبائل فون اور ویڈیو بیان قبضے میں لے کر باقاعدہ تفتیش شروع کر دی ہے۔

اللہ بخش نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، چیف جسٹس آف پاکستان، اور پنجاب کے آئی جی پولیس عثمان انور سے اپیل کی ہے کہ ان کی بیٹی کو انصاف دلایا جائے اور ملزم کو قرار واقعی سزا دی جائے تاکہ آئندہ کسی اور بچی کے ساتھ ایسا واقعہ پیش نہ آئے۔ انہوں نے زور دیا کہ اسکولوں کا مکمل آڈٹ کیا جائے، اساتذہ کے کردار و طرز عمل پر نظر رکھی جائے، اور اسکول مالکان و پرنسپلز کو ان کے عملے کی حرکات پر جوابدہ بنایا جائے۔

اللہ بخش نے اپنے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی بیٹی نہایت ذہین، نیک اور نماز کی پابند تھی، اور ان کے خاندان نے ایک ناقابلِ تلافی نقصان اٹھایا ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ وہ ہر فورم پر آواز بلند کریں گے تاکہ ان جیسے خاندانوں کو مزید اذیت سے نہ گزرنا پڑے۔ ان کا کہنا تھا کہ دعا کی موت محض ایک واقعہ نہیں، بلکہ پورے معاشرے کے لیے ایک ویک اپ کال ہے، جس پر فوری اور سنجیدہ ایکشن لینا ضروری ہے۔

یہ پاکستان میٹرز نیوز ڈیسک کی پروفائل ہے۔

نیوز ڈیسک

نیوز ڈیسک

Share This Post:

متعلقہ پوسٹس