پنوعاقل کے قریب سانگی کے مقام پر ایم 5 موٹر وے پر ایک افسوسناک حادثے میں مسافر کوچ اور ٹرالر کے درمیان تصادم کے نتیجے میں تین افراد جاں بحق اور بارہ شدید زخمی ہو گئے۔ یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب کراچی سے علی پور جانے والی مسافر کوچ کا ٹائر پھٹ گیا اور وہ بے قابو ہو کر ٹرالر سے جا ٹکرائی۔
حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں ایک معصوم بچی رحیماں بنت محمد ندیم، 40 سالہ محمد ہاشم اور ایک نامعلوم عورت شامل ہیں، جن کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی۔ زخمیوں میں آسیہ زوجہ محمود، علیشا، ثمینہ، زینب، علینا، شازیہ، حمزہ، محمد امجد، شاہد، حماد، اور محمد سلیم شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: اسکول ٹیچر کی ہراسانی، لودھراں میں 16 سالہ زینب نے کیڑے مار دوا کھا کر خودکشی کر لی
حادثے کے فوراً بعد موٹر وے پولیس اور سانگی تھانے کی پولیس نے جاں بحق اور زخمی افراد کو تعلقہ ہسپتال پنوعاقل منتقل کیا۔ جاں بحق افراد کی لاشیں مردہ خانے میں رکھ دی گئی ہیں جب تک کہ ان کے لواحقین ہسپتال نہ پہنچ جائیں۔ زخمیوں کو طبی امداد دی جا رہی ہے اور ان کا علاج جاری ہے۔
پنوعاقل پولیس کی جانب سے متاثرہ افراد کے اہل خانہ سے رابطے کی کوشش کی جا رہی ہے، جبکہ زخمیوں میں سے بعض کا تعلق ایک ہی خاندان سے بتایا جا رہا ہے۔ پنوعاقل کی سیاسی و سماجی تنظیمیں زخمیوں کی مدد میں سرگرم عمل ہیں اور ہسپتال میں تعاون فراہم کر رہی ہیں۔
تاحال واقعے کا کوئی مقدمہ درج نہیں کیا گیا، تاہم پولیس کی جانب سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔ حادثے کے بعد کوچ میں سوار دیگر مسافروں کو پنوعاقل کے شہریوں کی مدد سے ان کی منزل مقصود تک پہنچایا جا رہا ہے۔ یہ واقعہ ایک بار پھر شاہراہوں پر سفر کے دوران احتیاط اور گاڑیوں کی فٹنس یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیتا ہے۔