وزیر دفاع خواجہ آصف نے بھارت کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت نے پانی روکنے کے لیے کوئی اسٹرکچر بنایا تو اسے تباہ کردیں گے۔
خواجہ آصف نے کہاکہ سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی آسان نہیں، یہ پاکستان کے خلاف اعلان جنگ ہوگا، معاہدے کی خلاف ورزی کی گئی تو پاکستان اس اسٹرکچر پر حملہ کردے گا۔
نجی نشریاتی ادارے کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ بھارت نے پہلگام واقعے سے متعلق کوئی ثبوت نہیں دیا، بھارت اب اپنے ہی بیانیے کا مغوی بن چکا ہے۔
وزیر دفاع نے مزید کہا کہ امریکی نائب صدر نے بھارت کے لیے فیس سیونگ کی گنجائش رکھی ہے، بھارت نے فیس سیونگ کے لیے کوئی حرکت کی تو اس کے منہ پر ہم کالک مل دیں گے۔
واضح رہے کہ 22 اپریل کو مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں دہشتگردوں کے حملے کے بعد انڈیا نے پاکستان پر الزام عائد کر دیا کہ یہ حملہ پاکستان نے کروایا ہے جبکہ پاکستان نے شفاف تحقیقات کروانے کا مطالبہ کیا تھا جس پر انڈیا کا کوئی جواب نہ آیا۔
انڈیا نے اس کشیدگی کے باعث سندھ طاس معاہدہ ختم کرنے کا اعلان کیا تھا جس کے باعث انڈیا نے پاکستان کا پانی بند کرنے کی دھمکی دی تھی۔
حالیہ کشیدگی کے باعث وزیر دفاع خواجہ آصف نے خبردار کیا کہ اگر انڈیا ایسا کرے گا تو ہم بھی اس کا منہ توڑ جواب دیں گے۔