برطانیہ کی انسداد دہشت گردی پولیس نے ایک مخصوص مقام کو نشانہ بنانے کی مبینہ سازش کے الزام میں چار ایرانی شہریوں سمیت پانچ افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔
یہ گرفتاریاں ہفتے کے روز مختلف شہروں بشمول سوئڈن، مغربی لندن، اسٹاک پورٹ، روچڈیل اور مانچسٹر میں کی گئیں۔
میٹروپولیٹن پولیس نے اتوار کو ایک بیان میں کہا کہ گرفتار افراد پر دہشت گردی کے جرائم کا شبہ ہے۔ پولیس نے حفاظتی وجوہات کا حوالہ دیتے ہوئے سازش کی مزید تفصیلات ظاہر نہیں کیں۔
یہ بھی پڑھیں: آسٹریلوی انتخابات: انتھونی البانیز کی جیت، مسلسل دوسری مرتبہ حکومت بنائیں گے
انسداد دہشت گردی کمانڈ کے سربراہ کمانڈر ڈومینک مرفی نے کہا کہ “یہ تفتیش ابھی ابتدائی مرحلے میں ہے۔ ہم مختلف پہلوؤں کا جائزہ لے رہے ہیں تاکہ ممکنہ مقاصد اور عوامی خطرات کی نوعیت کا تعین کیا جا سکے۔”
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ وہ تحقیقات کے مختلف پہلوؤں پر کام کر رہے ہیں اور گرفتار افراد سے تفتیش جاری ہے۔
انہوں نے اس موقع پر عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ قیاس آرائیوں سے گریز کریں اور پولیس کی طرف سے فراہم کردہ تصدیق شدہ معلومات پر انحصار کریں۔