پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 10ویں ایڈیشن کا 24واں میچ آج لاہور قلندرز اور کراچی کنگز کے مابین آج قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جارہا ہےگیا، جس میں کنگز نے قلندرز کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 4 وکٹوں سے شکست دے دی۔
کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کرتے ہوئے لاہور قلندرز کو بلے بازی کی دعوت دی۔ قلندرز نے 15 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 160 رنز بنائے اور ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت کنگز کو جیت کے لیے 168 رنز کا ہدف دیا۔
لاہور قلندرز کی جانب سے اوپننگ کے لیے فخر زمان اور محمد نعیم آئے، جنہوں نے جارحانہ کھیل پیش کیا اور پہلی وکٹ کی شراکت میں 8 اوورز میں 90 رنز بنائے، جس میں نوجوان اوپنر محمد نعیم کا کردار نمایاں تھا۔
محمد نعیم نے کراچی کنگز کے بولرز کو خوب درگت بنائی اور صرف 29 گیندوں پر 65 رنز کی ناقابلِ یقین اننگ کھیلی، جس میں 6 چوکے اور 5 چھکے شامل ہیں۔
ان کے علاوہ عبداللہ شفیق گزشتہ میچوں میں ذمہ دارانہ بیٹنگ کر چکے تھے لیکن اس میچ میں بڑی اننگز نہ کھیل سکے اور 11 گیندوں پر 2 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 18 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

لاہور قلندرز کو تیسرا نقصان 11 ویں اوور میں اٹھانا پڑا جب نیوزی لینڈ کے تجربہ کار کھلاڑی ڈیرل مچل بغیر کوئی اسکور بنائے عباس آفریدی کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔
فخر زمان نے دوسرے اینڈ سے اپنی نصف سنچری مکمل کی، جس کے لیے انہوں نے 33 گیندوں کا سامنا کیا اور 4 چوکے اور 3 چھکے مارے۔ تاہم، ایک موقع پر ایسا لگا کہ لاہور قلندرز بڑا اسکور بنانے میں کامیاب ہو جائے گا، لیکن فخر زمان اور نعیم کے علاوہ دیگر بیٹرز ناکام ثابت ہوئے اور 8 کھلاڑی دہرا ہندسہ بھی عبور نہ کر پائے۔
واضح رہے کہ بارش کی مداخلت کے بعد میچ 15 اوورز کا کردیا گیا اور لاہور قلندرز کی ٹیم نے 15 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 160 رنز بنائے۔
ابتدائی اوورز میں ناکامی کے بعد کراچی کنگز کے بولرز نے شاندار کم بیک کیا اور لاہور قلندرز کے 8 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جن میں عباس آفریدی کا اہم کردار تھا، جنہوں نے 3 اوورز میں 27 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کیں۔
ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت قلندرز کے 168 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز نے 14.3 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 168 رنز بنائے اور قلندرز کو 4 وکٹوں سے شکست دے دی۔
کنگز کی جانب سے کپتان ڈیوڈ وارنر اور اوپنر ٹم سیفرٹ نے دھواں دار آغاز کیا اور ابتدائی 3 اوورز میں 40 رنز بنائے۔ ڈیوڈ وارنر نے 13 گیندوں پر 2 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 24 رنز بنائے، جب کہ ٹم سیفرٹ 10 گیندوں پر 4 چوکوں اور 1 چھکے کے ساتھ 24 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

ان کے علاوہ مڈل آرڈر بیٹسمین عرفان خان نیازی نے 21 گیندوں پر 48 رنز کی شاندار اننگ کھیلی اور ناٹ آؤٹ لوٹ گئے۔
قلندرز کی جانب سے انتہائی مایوس کن گیندبازی کا مظاہرہ کیا گیا۔ ڈیرل مچل اور حارث رؤف نے دو دو، جب کہ رشاد حسین اور آصف آفریدی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ کوشش کریں گے کہ 170 سے 180 رنز بنائیں۔ لگ رہا ہے کہ دوسری اننگ میں بیٹنگ مشکل ہوگی۔
دوسری جانب کنگز کپتان وارنر نے کہا ہے کہ حسن علی اور سعد بیگ کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے، لاہور میں تیسرا میچ کھیل رہے ہیں، اس لیے کنڈیشن سمجھ گئے ہیں۔