سرگودھا کے علاقے کوٹ مومن کی جناح کالونی میں افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے، جہاں ایک ہی خاندان کی چھ بچیاں گندم ذخیرہ کرنے والے بھڑولے (گودام) میں دم گھٹنے کے باعث جاں بحق ہو گئیں۔
تفصیلات کے مطابق بچیاں کھیلتے ہوئے گھر کے قریب واقع بھڑولے میں داخل ہوئیں، جہاں بھاری مقدار میں ذخیرہ شدہ گندم کے باعث وہ باہر نہ نکل سکیں اور دم گھٹنے سے موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئیں۔
اہلِ خانہ کو جب بچوں کی تلاش میں ناکامی ہوئی تو تفتیش کے بعد بھڑولے سے بچیوں کی لاشیں برآمد ہوئیں۔ جاں بحق ہونے والی بچیوں کی عمریں 3 سے 7 سال کے درمیان تھیں۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 7 سالہ مریم ، 6 سالہ سونیا، 1 سالہ دعا فاطمہ، 4 سالہ سویرا رانی ، 6 سالہ آمنہ اور 8 سالہ سمیہ شامل ہیں ۔
واقعے کے بعد علاقے میں کہرام مچ گیا، پورا محلہ غم و اندوہ میں ڈوب گیا۔ رقت آمیز مناظر کے دوران اہل علاقہ اور عزیز و اقارب بڑی تعداد میں متاثرہ خاندان کے گھر پہنچ گئے۔
مقامی افراد نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ گوداموں کی حفاظت اور بچوں کی نگرانی کے حوالے سے آگاہی دی جائے تاکہ ایسے دل خراش واقعات دوبارہ نہ ہوں۔