Follw Us on:

’ہم سب ایک ہیں‘ جماعت اسلامی کے مظاہرے میں وزیراعلیٰ سندھ بھی پہنچ گئے

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک
گجرات کے قصائی نریندر مودی نے اپنے ملک میں بڑھتی ہوئی ناکامیوں کو چھپانے کے لیے پہلگام ڈرامہ رچایا۔ (فوٹو: ڈائیلاگ پاکستان)

کراچی میں انڈین جارحیت کے خلاف جماعتِ اسلامی کے زیر اہتمام کراچی پریس کلب کے باہر ایک بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جس میں مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں نے شرکت کی۔

مظاہرے میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب، جماعت اسلامی کراچی کے امیر منعم ظفر خان، نائب امیر مسلم پرویز، عوامی نیشنل پارٹی کے شاہی سید سمیت مختلف سیاسی جماعتوں کے نمائندے شریک ہوئے اور پاک فوج کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہارکرتے ہوئے انڈین حملوں کی شدید مذمت کی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب بات ملکی وقار کی ہو، تو پوری قوم ایک ہو جاتی ہے۔ گجرات کے قصائی نریندر مودی نے اپنے ملک میں بڑھتی ہوئی ناکامیوں کو چھپانے کے لیے پہلگام ڈرامہ رچایا اور صرف دس منٹ میں اس کا الزام پاکستان پر لگا دیا گیا۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ پاکستان نے ابتدا سے واضح کیا ہے کہ ہم خود دہشتگردی کا شکار ہیں اور ہم نے انڈیا میں ہونے والے واقعے کی غیر جانب دار عالمی تحقیقات کی پیشکش بھی کی، لیکن انڈیا نے الزام تراشی کا راستہ چُنا۔

انہوں نے کہا کہ ہماری سیاسی اور عسکری قیادت نے ہر ملک سے رابطہ کر کے تعاون کی پیشکش کی اور اقوام متحدہ سمیت کئی ممالک نے ثالثی کی کوشش کی، لیکن انڈیا نے امن کے پیغام کے بجائے رات کی تاریکی میں چھ پاکستانی مقامات پر حملہ کر کے معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا۔

مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ پاک فوج نے ایسا جواب دیا کہ چند گھنٹوں میں انڈیا سفید جھنڈا لہرانے پر مجبور ہو گیا۔

ان کے مطابق پاک فضائیہ نے پانچ انڈین طیارے اور ایک ڈرون مار گرایا، اگر ہم نے خود روک نہ دیا ہوتا تو انڈیا کا ایک بھی طیارہ بچ نہ پاتا۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ یہ گھمنڈ نہیں بلکہ ہمارا ایمان ہے کہ وطن کی حفاظت کے لیے ہم سب ایک ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ حال ہی میں انڈین باکسرز کو شکست دینے والے پاکستانی کھلاڑی بھی مظاہرے میں موجود تھے، جنہوں نے قوم کا سر فخر سے بلند کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ چند گھنٹوں میں تمام سیاسی جماعتوں کے نمائندے پاک فوج کے ساتھ یکجہتی کے لیے جمع ہو گئے اور آج قوم نے ثابت کر دیا کہ ہم دشمن کے خلاف ایک ہیں۔

جلسے میں جماعت اسلامی کے نائب امیر مسلم پرویز نے تلاوتِ کلامِ پاک سے مظاہرے کا باقاعدہ آغاز کیا اور پاک فوج کے لیے استقامت اور جوانمردی کی دعا کی۔

جماعت اسلامی کراچی کے امیر منعم ظفر خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انڈیا کی حالیہ جارحیت پوری پاکستانی قوم کی توہین ہے، جس کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور دشمن کو ہر محاذ پر منہ توڑ جواب دے گی۔

منعم ظفر خان نے کہا کہ پاکستان ایک ایٹمی طاقت ہے اور انڈیا کی دھمکیاں ہمیں مرعوب نہیں کر سکتیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پہلگام واقعے پر بغیر ثبوت کے پاکستان پر الزام لگانا مودی حکومت کی فاشسٹ سوچ کی عکاسی کرتا ہے۔

انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ قومی سطح پر ایک آل پارٹیز کانفرنس بلائی جائے تاکہ انڈیا کو متحد قوم کا پیغام دیا جا سکے۔

انہوں نے یہ بھی تجویز دی کہ جمعہ کو ‘یومِ عزم’ کے طور پر منایا جائے اور نوجوانوں کو قومی دفاع کے لیے تربیت دی جائے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹا جا سکے۔

جلسے کے آخر میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے “پاکستان زندہ باد” کے نعرے لگوائے اور کہا کہ اگر وطن کو ضرورت پڑی تو 25 کروڑ عوام خون کا آخری قطرہ بھی قربان کرنے کو تیار ہیں۔

یہ پاکستان میٹرز نیوز ڈیسک کی پروفائل ہے۔

نیوز ڈیسک

نیوز ڈیسک

Share This Post:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

متعلقہ پوسٹس