انڈین ریاست اتراکھنڈ کے ضلع اترکاشی میں گنگنانی کے قریب ایک ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو گیا جس کے نتیجے میں چھ افراد ہلاک ہو گئے۔ ہیلی کاپٹر میں پائلٹ سمیت کل سات افراد سوار تھے، جن میں سے ایک شخص کو زندہ بچا لیا گیا ہے۔
ضلع کے ڈیزاسٹر مینجمنٹ آفیسر شاردول سنگھ نے بتایا کہ بچاؤ اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور انتظامیہ و ایمرجنسی ٹیمیں جائے حادثہ پر موجود ہیں۔ گڑھوال کے ڈویژنل کمشنر ونے شنکر پانڈے نے کہا کہ جیسے ہی اطلاع ملی، ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر متحرک کر دی گئیں۔
ہیلی کاپٹر حادثے کی وجوہات کا تعین تاحال نہیں ہو سکا۔ موقع سے ملنے والی تصاویر اور ویڈیوز میں تباہ شدہ ہیلی کاپٹر کے مناظر دیکھے جا سکتے ہیں۔
اتراکھنڈ کے وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا اور زخمیوں کو فوری اور ہر ممکن امداد فراہم کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔ انہوں نے حادثے کی مکمل تحقیقات کا بھی حکم دیا ہے۔