Follw Us on:

پی ایس ایل 10: اسلام آباد یونائیٹڈ کی کراچی کنگز کو 79 رنز سے شکست

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک
Iu vs kk
کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کرتے ہوئے اسلام آباد یونائیٹڈ کو بلےبازی کی دعوت دی۔ (فوٹو: ایکس)

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دسویں ایڈیشن کا 30واں میچ آج راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کراچی کنگز اور دفاعی چیمپیئن اسلام آباد یونائیٹڈ کے مابین کھیلا گیا، جہاں یونائیٹڈ نے کنگز کو 79 رنز سے شکست دے کر میچ میں فتح حاصل کرلی۔

کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کرتے ہوئے اسلام آباد یونائیٹڈ کو بلےبازی کی دعوت دی، یونائیٹڈ نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 251 رنز بنائے اور کنگز کو جیت کے لیے 252 رنز کا ہدف دیا۔

یونائیٹڈ کی جانب سے اوپننگ بلے باز ایلکس ہیلز نے صرف 35 گیندوں پر 88 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، جب کہ صاحبزادہ فرحان نے 73 رنز بنائے۔ کپتان شاداب خان نے بھی 19 گیندوں پر 42 رنز کی برق رفتار اننگز کھیل کر ٹیم کی پوزیشن کو مزید مستحکم کیا۔

کنگز کی جانب سے کراچی کنگز کی جانب سے بولنگ میں خُشدل شاہ سب سے مہنگے ثابت ہوئے، جنہوں نے 4 اوورز میں 58 رنز دیے۔ عامر جمال نے بھی 51 رنز کے عوض ایک وکٹ حاصل کی۔ میر حمزہ نے نسبتاً بہتر کارکردگی دکھاتے ہوئے 41 رنز کے عوض ایک وکٹ حاصل کی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے 252 رنز کے پہاڑ جیسے ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز کی پوری ٹیم 18.2 اوورز میں محض 172 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

کنگز کی جانب سے کپتان ڈیوڈ وارنر نے سب سے زیادہ 43 رنز بنائے، جب کہ عباس آفریدی نے 13 گیندوں پر 34 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی، ٹم سیفرٹ نے 26 رنز اسکور کیے۔

بیٹنگ کے ساتھ ساتھ یونائیٹڈ کی جانب سے شاندار بولنگ بھی دیکھنے کو ملی، کپتان شاداب خان نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 اوورز میں 45 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کیں۔ سلمان ارشاد نے 3.2 اوورز میں 28 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جب کہ عماد وسیم نے 4 اوورز میں صرف 22 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں۔

خیال رہے کہ اسلام آباد یونائیٹڈ نے یہ میچ 79 رنز سے جیت کر پوائنٹس ٹیبل پر اپنی پوزیشن مزید مضبوط کر لی ہے۔

یونائیٹڈ کی قیادت شاداب خان نے کی، جب کہ فائنل الیون میں صاحبزادہ فرحان، وین ڈرڈوسن، ایلکس ہیلز، حیدر علی، سلمان علی آغا، محمد غازی غوری، عماد وسیم، بین ڈورشوئس، سلمان ارشاد اور ٹائمل ملز شامل تھے۔

کراچی کنگز کی طرف سے ٹیم سیفرٹ، جیمز ونس، ڈیوڈ وارنر، خوشدل شاہ، سعد بیگ، عرفان نیازی، عامر جمال، محمد نبی، عباس آفریدی، حسن علی اور میر حمزہ میدان میں اترے۔

یہ پاکستان میٹرز نیوز ڈیسک کی پروفائل ہے۔

نیوز ڈیسک

نیوز ڈیسک

Share This Post:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

متعلقہ پوسٹس