تحقیقاتی ادارے گیلپ پاکستان کی جاری کردہ سروے رپورٹ کے مطابق پاکستان اور انڈیا کی کشیدگی کے بعد 91 فیصد پاکستانی عوام نے سیز فائر معاہدے کو دونوں ممالک کے لیے درست قرار دیا ہے۔
تحقیقاتی ادارہ گیلپ پاکستان کے سروے کے مطابق 96 فیصد پاکستانیوں نے انڈین جارحیت کا بھرپور جواب دینے پر خوشی کا اظہار کیا اور دونوں ممالک کے تنازع میں پاکستان کو فاتح قرار دیا۔
اس سروے میں سوال پوچھا گیا کہ دونوں ممالک میں سے جنگ کے لیے پہل کس ملک کی طرف سے کی گئی، جس کے جواب میں 87 فیصد عوام نے انڈیا کو قصور وارٹھہرایا کہ انڈیا کی طرف سے یہ جنگ پاکستان پر مسلط کی گئی تھی جبکہ چار فیصد لوگوں نے دونوں ممالک کو قصور وار قرار دیا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان اور انڈیا کے درمیان سیز فائر کیسے ممکن ہوا؟ امریکی صحافی نے اندرونی تفصیلات بتا دیں
اس سروے میں مزید سوال کیا گیا کہ کیا انڈیا سیز فائر کے اس معاہدے پر مکمل پابندی کرے گا؟ جس کے جواب میں 52 فیصد پاکستانی پر اعتماد نظر آئے۔ زیادہ تر لوگوں کا یہی کہنا تھا کہ انڈیا کو اس معاہدے پر عمل کرنا ہو گا اور جنگ بندی رکھنی پڑے گی، البتہ 34 فیصد نے شک کا اظہار کیا اور کہا کہ انڈیا سیز فائر کا معاہدہ توڑ دے گا۔