ملتان اور ڈی جی خان میں آج سے شدید ہیٹ ویو کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ لاہور، فیصل آباد اور سرگودھا بھی اس کی زد میں آ سکتے ہیں۔
اس صورتحال کے پیش نظر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے انتظامیہ اور عوام کو فوری طور پر الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کی ہے۔
انہوں نے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کی اور کہا کہ بچوں، بزرگوں اور بیمار افراد کو بلا وجہ گھروں سے باہر نہ نکلنے کی ہدایت دی جائے۔
اس کے علاوہ فارموں میں مویشیوں کو سایہ اور وافر مقدار میں پانی فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
اس شدید گرمی کے دوران پرندوں کے لئے چھتوں پر ٹھنڈا پانی رکھنے کی بھی اپیل کی گئی ہے۔
تمام سرکاری و نجی اداروں میں اوپن ایئر سرگرمیاں معطل کرنے کا حکم دیا گیا ہے جبکہ طلبہ کے لئے تمام کلاس رومز میں کم از کم پنکھے فنکشنل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے اور سکول انتظامیہ کو طلبہ کے ڈریس کوڈ میں نرمی برتنے کا بھی حکم دیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ، پرہجوم بازاروں میں سایہ، او آر ایس ملا پانی، فرسٹ ایڈ کاونٹر اور واٹر کولر فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ریسکیو 1122 اور ہیلتھ سروسز کو متعلقہ اضلاع میں الرٹ رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
ملتان اور بہاولپور ڈویژن میں کاشت کاروں کو بھی سخت گرمی کے دوران احتیاط برتنے کی تنبیہ کی گئی ہے۔