پاک انٹرنیشنل بزنس فورم کے زیر اہتمام ’’ہمارا ہنر، ہماری پہچان‘‘ کے عنوان سے خدیجۃ الکبریٰ نمائش اور انٹرپرینیورشپ پویلین کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ خواتین کے ملازمت کرنے پر اعتراضات کے بجائے ان مسائل کو سمجھنے کی ضرورت ہے جن کے باعث انہیں گھر سے باہر کام کرنا پڑتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ خواتین کے لیے سب سے بڑا مسئلہ تحفظ کا ہے۔ انہیں کام کی جگہ پر عزت اور تحفظ ملنا چاہیے، جب کہ ریاست کو ایسے ادارے قائم کرنے چاہییں جہاں خواتین کو انصاف فراہم کیا جا سکے۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ اگر معاشرے میں عدل قائم ہو تو خواتین بہت سی مشکلات سے بچ سکتی ہیں۔ ہم ایسے دین سے وابستہ ہیں جو عورت کو عزت اور حقوق دیتا ہے، اس لیے خواتین کے کام کرنے کے معاملے کو محض اعتراضات کی نظر سے نہیں دیکھنا چاہیے۔

تعلیم کے حوالے سے امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ پنجاب میں اس وقت 80 لاکھ بچیاں اسکول نہیں جا رہیں، جب کہ صوبائی حکومت نے 15 ہزار سرکاری اسکول آؤٹ سورس کر دیے ہیں۔ سوال یہ ہے کہ سرکاری اسکول دوسروں کے حوالے کیوں کیے جا رہے ہیں؟

انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں بچیوں کو اسکول نہیں بھیجا جا رہا، جب کہ نجی تعلیمی اداروں میں بھی تعلیم کے دوہرے معیار قائم ہیں اور معیاری تعلیم کے لیے بھاری فیسیں وصول کی جاتی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بچوں کو مفت اور معیاری تعلیم فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے، اسی طرح صحت کی سہولیات اور امن کی فراہمی بھی حکومت کے بنیادی فرائض میں شامل ہے۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ریاست عوام سے ہر چیز پر ٹیکس وصول کرتی ہے، حتیٰ کہ موبائل کارڈ پر بھی ٹیکس دینا پڑتا ہے، لیکن اس کے باوجود شہریوں کو بنیادی حقوق اور سہولیات فراہم نہیں کی جا رہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب کو اس انداز میں پیش کیا جاتا ہے جیسے وہاں علم کا دریا بہہ رہا ہو، لیکن سندھ اور بلوچستان سمیت دیگر علاقوں میں تعلیم کی صورتحال پر بھی بات ہونی چاہیے۔

مزید پڑھیں: اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات چھٹی بار ملتوی ہونا جمہوریت پر حملہ ہے، لیاقت بلوچ

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ معاشرے میں امیر اور غریب کے درمیان فرق بڑھ رہا ہے اور مڈل کلاس بھی پس رہی ہے۔ ایسے حالات میں خواتین کے ملازمت نہ کرنے سے گھر کا نظام کیسے چلے گا؟

انہوں نے کہا کہ موجودہ نظام کو بدلنے کے لیے جدوجہد کرنا ہوگی تاکہ ریاست عوام کو ان کے حقوق، عزت، تعلیم، صحت اور تحفظ فراہم کر سکے۔