عمان کے شہر العامرات میں کھیلے گئے انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 337 رنز بنائے، تاہم بھارت نے 338 رنز کا ہدف آخری اوور میں 9 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرکے کامیابی اپنے نام کرلی۔
بھارت کی جانب سے کپتان لکشیا رائے چندانی 80 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ آریاویر سہواگ 58، منال چوہان 47، وی کے وینیتھ 24، انوے ڈریوڈ 19، ارجن راجپوت 16، یشبھردن چوہان 9 اور آریان سوسانی 9 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ کاویا پریش پٹیل صفر پر پویلین لوٹے۔
موہت الوا 49 اور چیگروپتی وینکٹا 11 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان کی جانب سے رضوان اللہ نے 3 اور نقاب شفیق نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ علی رضا، محمد صیام اور حسنین ڈار نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان کی بیٹنگ
میچ کے آغاز پر پاکستانی اوپنرز عثمان خان اور حیام خان نے اننگز کا آغاز پراعتماد انداز میں کیا اور پہلی وکٹ کے لیے 62 رنز جوڑے، تاہم نویں اوور کی پہلی گیند پر حیام خان بھارتی بولر کاویا پریش پٹیل کی گیند پر وکٹ کیپر انوے ڈریوڈ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ انہوں نے 23 گیندوں پر 4 چوکوں کی مدد سے 21 رنز بنائے۔
اس کے بعد عبدالقادر اور عثمان خان بھارتی بولرز کے لیے ڈراؤنا خواب ثابت ہوئے اور دونوں نے بولرز کی لائن اور لینتھ بگاڑ دی۔ عبدالقادر نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے عثمان خان کے ساتھ دوسری وکٹ کے لیے 135 رنز کی اہم شراکت قائم کرکے ٹیم کو بڑے مجموعے کے لیے بہترین بنیاد فراہم کی۔
پاکستان کا اسکور 27ویں اوور میں 197 رنز تک پہنچا تو عبدالقادر 54 گیندوں پر 80 رنز بنا کر ارجن راجپوت کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔ ان کی اننگز میں 8 چھکے اور 3 چوکے شامل تھے۔
عثمان خان نے بھی ذمہ دارانہ اور عمدہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور 111 گیندوں پر 107 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ انہوں نے اپنی اننگز میں 11 چوکے اور 3 چھکے لگائے۔ عثمان خان نے سنچری مکمل کرنے کے بعد بھی رنز بنانے کا سلسلہ جاری رکھا، تاہم 37ویں اوور میں 240 کے مجموعی اسکور پر کاویا پریش پٹیل کی گیند پر ارجن راجپوت کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔
اس کے بعد کپتان فرحان یوسف نے بھی ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 60 گیندوں پر 63 رنز بنائے۔ ان کی اننگز میں 4 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے۔ انہوں نے احمد حسین کے ساتھ چوتھی وکٹ کے لیے 55 رنز کی شراکت قائم کی، جبکہ احمد حسین 17 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کی وکٹیں آخری اوورز میں وقفے وقفے سے گرتی رہیں۔ حسنین عباس ڈار 2، حمزہ ظہور 10، محمد صیام 7 اور نقاب شفیق 11 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔
اس طرح قومی ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 337 رنز بنائے اور بھارت کو جیت کے لیے 338 رنز کا ہدف دیا۔
بھارت کی جانب سے کاویا پریش پٹیل نے 68 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ وینکٹا نے 3 اور ارجن راجپوت نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
میچ کا ٹاس
عمان کے شہر مسقط میں کھیلے گئے انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں پاکستان نے روایتی حریف بھارت کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔
قومی انڈر 19 ٹیم کے کپتان فرحان یوسف نے ٹاس کے موقع پر کہا تھا کہ پچ بیٹنگ کے لیے سازگار دکھائی دے رہی ہے، اس لیے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
پاکستان کا اسکواڈ
پاکستان ٹیم میں فرحان یوسف (کپتان)، عثمان خان، حیام خان، عبدالقادر، احمد حسین، حسنین عباس ڈار، حمزہ ظہور (وکٹ کیپر)، محمد صیام، نقاب شفیق، رضوان اللہ اور علی رضا شامل تھے۔
بھارت کا اسکواڈ
بھارتی اسکواڈ میں لکشیا رائے چندانی (کپتان)، آریاویر سہواگ، وی کے وینیتھ، یشبھردن چوہان، ارجن راجپوت، انوے ڈریوڈ (وکٹ کیپر)، منال چوہان، آریان سوسانی، کاویا پٹیل، موہت الوا اور چیگروپتی وینکٹا شامل تھے۔
واضح رہے کہ پاکستانی ٹیم ایونٹ میں فائنل سے قبل ناقابل شکست رہی تھی۔ پاکستان نے سیمی فائنل میں بنگلہ دیش کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل تک رسائی حاصل کی تھی۔ اس میچ میں پاکستانی بولر رضوان اللہ نے 5 وکٹیں حاصل کی تھیں، جبکہ حیام خان نے 69 اور عثمان خان نے ناقابلِ شکست 64 رنز بنائے تھے۔
دوسری جانب بھارت نے سیمی فائنل میں افغانستان کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔ قبل ازیں ٹورنامنٹ کے گروپ میچ میں پاکستان نے روایتی حریف بھارت کو بھی شکست دی تھی اور اسے 3 وکٹوں سے ہرایا تھا۔
یاد رہے کہ گزشتہ ایڈیشن کے فائنل میں بھی پاکستان نے بھارت کو شکست دے کر پہلی مرتبہ انڈر 19 ایشیا کپ کا ٹائٹل جیتا تھا۔







