پاکستان، الجزائر، جبوتی، مصر، انڈونیشیا، اردن، کویت، لبنان، لیبیا، موریطانیہ، عمان، قطر، سعودی عرب، صومالیہ، سوڈان، ترکیہ اور متحدہ عرب امارات کے وزرائے خارجہ نے 14 نومبر کو جاری مشترکہ بیان میں فلسطینی شہریوں، خصوصاً بے گھر افراد کے خیموں اور پناہ گاہوں پر اسرائیلی حملوں کی بھی مذمت کی۔
مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ اسرائیلی حملے غزہ میں جنگ بندی اور امن و استحکام کی بحالی کی کوششوں کو نقصان پہنچا رہے ہیں اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے جامع منصوبے سے مطابقت نہیں رکھتے۔
وزرائے خارجہ نے غزہ میں انسانی امداد، خیموں، عارضی رہائش گاہوں، موبائل گھروں اور طبی سامان کی فراہمی پر اسرائیلی پابندیوں پر بھی شدید تشویش کا اظہار کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ موسم سرما کی آمد کے ساتھ ناکافی رہائش، صاف پانی، نکاسی آب اور صحت کی سہولیات کی خراب ہوتی صورتحال شہریوں، بالخصوص بچوں اور شیرخواروں کی زندگیوں کے لیے سنگین خطرہ بن رہی ہے۔
بیان میں اسرائیل سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ جنگ بندی برقرار رکھے، شہریوں اور طبی مراکز کا تحفظ یقینی بنائے اور انسانی امداد کی محفوظ، مسلسل اور بلا رکاوٹ فراہمی کی اجازت دے۔
وزرائے خارجہ نے اسرائیل پر زور دیا کہ وہ شرم الشیخ معاہدے، امریکی صدر کے جامع منصوبے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد 2803 (2025) کے تحت اپنی ذمہ داریاں فوری اور مکمل طور پر پوری کرے۔ اس کے ساتھ اقوام متحدہ کے اداروں اور امدادی تنظیموں کو بھی بغیر کسی رکاوٹ کے کام کرنے دیا جائے۔
مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ معاہدے کے پہلے مرحلے کی ذمہ داریاں دستخط کے ساتھ ہی نافذ العمل ہونا تھیں، اس لیے اسرائیل انہیں مزید تاخیر یا اضافی سیاسی و سکیورٹی شرائط کے بغیر پورا کرے۔ انسانی امداد کی فراہمی کو معاہدے کے آئندہ مراحل پر پیش رفت سے مشروط نہیں کیا جانا چاہیے۔
مزید پڑھیں: ایران سے معاہدے کی ضرورت نہیں، ٹرمپ کی جے ڈی وینس کو داخلی معاملات پر توجہ دینے کی ہدایت
وزرائے خارجہ نے امریکا اور بورڈ آف پیس سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ اپنے متعلقہ کردار کے تحت اسرائیل کو ان وعدوں پر مکمل عمل درآمد اور انسانی امداد کی فراہمی پر عائد تمام پابندیاں ختم کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کریں۔
بیان کے اختتام پر وزرائے خارجہ نے جنگ بندی مستحکم کرنے، جامع منصوبے کے تمام مراحل پر عمل درآمد اور فلسطینی عوام کی مشکلات کم کرنے کے لیے انسانی امداد بڑھانے کی خاطر علاقائی اور عالمی شراکت داروں کے ساتھ مل کر کام جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔







