انٹرنیشنل ڈائیبیٹس فیڈریشن (آئی ڈی ایف) کی ڈائیبیٹس اٹلس 2025ء کی رپورٹ کے مطابق 2024ء میں پاکستان میں 20 سے 79 سال کی عمر کے تقریباً 3 کروڑ 45 لاکھ افراد ذیابیطس میں مبتلا تھے۔ عمر کے تناسب سے ایڈجسٹ کی گئی شرح کے بعد 31.4 فیصد کے ساتھ پاکستان دنیا بھر میں پہلے نمبر پر ہے۔
رپورٹ کے مطابق ملک میں ذیابیطس کے تقریباً 93 لاکھ مریض ایسے ہیں جو اپنی بیماری سے لاعلم ہیں، جو مجموعی مریضوں کا 26.9 فیصد بنتے ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق اگر ذیابیطس کے پھیلاؤ کا موجودہ رجحان برقرار رہا تو 2050ء تک پاکستان میں مریضوں کی تعداد بڑھ کر 7 کروڑ 2 لاکھ تک پہنچ سکتی ہے۔
ماہرین کے مطابق ذیابیطس کا خطرہ صرف مٹھائیاں اور چینی کھانے سے نہیں بڑھتا بلکہ سفید چاول، نان اور میدے سے بنی روٹی جیسی روزمرہ استعمال کی غذائیں بھی خون میں شوگر کی سطح بڑھانے کا سبب بن سکتی ہیں۔
جنوبی ایشیائی افراد میں ٹائپ ٹو ذیابیطس نسبتاً کم عمر اور کم وزن میں بھی لاحق ہو سکتی ہے، اس لیے اس بیماری کا خطرہ صرف موٹاپے تک محدود نہیں سمجھنا چاہیے۔
طبی ماہرین کے مطابق ذیابیطس سے بچاؤ اور بروقت تشخیص کے لیے اسکریننگ انتہائی اہم ہے۔ 35 سال کی عمر سے ذیابیطس کی جانچ شروع کرنے کی سفارش کی جاتی ہے، جبکہ خاندان میں اس بیماری کی تاریخ موجود ہو تو کم عمر میں بھی ٹیسٹ کروانا چاہیے۔
HbA1c ٹیسٹ کے ذریعے گزشتہ تقریباً تین ماہ کے دوران خون میں شوگر کی اوسط سطح معلوم کی جاتی ہے۔ اس ٹیسٹ میں 6.5 فیصد یا اس سے زیادہ نتیجہ ذیابیطس، جبکہ 5.7 سے 6.4 فیصد کے درمیان نتیجہ پری ڈائیبیٹس کی نشاندہی کرتا ہے۔
پاکستان میں ذیابیطس کے بڑھتے ہوئے پھیلاؤ کے پیش نظر بروقت تشخیص، متوازن غذا اور صحت مند طرزِ زندگی اپنانا ضروری ہے تاکہ اس بیماری اور اس کی پیچیدگیوں سے بچا جا سکے۔







