اس پیش رفت کو ایران کے حمایت یافتہ حوثیوں کے خلاف جنگ میں سعودی عرب کی قیادت میں قائم اتحاد کے لیے ایک بڑا دھچکا قرار دیا جا رہا ہے۔
حکومتی فورسز نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ جنوبی مسلح افواج تعز صوبے کے مغربی حصے میں واقع ذباب ایئرپورٹ اور باب المندب کے علاقے سے اپنی فوجیں منتقل کر رہی ہیں۔
اس اعلان کے ساتھ ہی بحیرہ احمر کے داخلی راستے کے قریب ساحلی علاقوں کا کنٹرول دوبارہ حاصل کرنے کے لیے یمنی حکومت کی چھ ہفتوں سے جاری جوابی کارروائی بھی باضابطہ طور پر ختم ہو گئی ہے۔
حوثیوں نے ان علاقوں میں تیزی سے پیش قدمی کرتے ہوئے قبضہ کر لیا تھا، جس کے باعث سعودی عرب کی تیل برآمدات پر دباؤ بڑھ گیا تھا۔
حکومتی فورسز کے انخلا کے بعد خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ حوثی دوبارہ عدن کی جانب پیش قدمی کر سکتے ہیں، جبکہ سعودی عرب کے لیے حوثیوں کے ڈرون اور میزائل حملوں کو روکنا مزید مشکل ہو سکتا ہے۔
واضح رہے کہ 2015ء میں حوثیوں کے دارالحکومت صنعا پر قبضے کے بعد سے یمنی حکومتی فورسز جنوبی ساحلی شہر عدن میں قائم ہیں۔
اس پیش رفت پر سعودی عرب اور حوثیوں کی جانب سے تاحال کوئی ردِعمل سامنے نہیں آیا۔







