نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے امکان ظاہر کیا کہ مجوزہ سیاسی پیش رفت کے نتیجے میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کو بھی مرکزی دھارے کی سیاست میں واپسی کا موقع مل سکتا ہے۔

وزیر دفاع نے ملک کے سیاسی منظرنامے میں تیزی سے تبدیلی کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ نئے صوبے کسی کے لیے خطرہ نہیں ہیں، تمام صوبوں کو اعتماد میں لیا جا رہا ہے اور جلد ہی اس معاملے کا کوئی حل نکل آئے گا۔

انہوں نے نئے صوبوں کے قیام پر پیپلز پارٹی کے تحفظات دور ہونے کی امید ظاہر کرتے ہوئے تحریک انصاف کو بھی اس معاملے پر اتفاقِ رائے پیدا کرنے کی پیشکش کی۔

پیپلز پارٹی کے تحفظات سے متعلق سوال پر خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ تمام صوبوں کو اعتماد میں لیا جا رہا ہے اور ان کے خیال میں آئندہ ایک سے دو ہفتوں کے دوران تمام خدشات اتفاقِ رائے میں تبدیل ہو جائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر اس سلسلے میں کوئی چھوٹی موٹی رعایت دینا پڑی تو وہ بھی دے دی جائے گی۔

خواجہ آصف کے مطابق اس معاملے پر اتفاقِ رائے کی صورت میں پی ٹی آئی کو بھی مرکزی دھارے کی سیاست میں واپسی کا موقع مل سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک شخص کو محور بنا کر ہر چیز داؤ پر لگا دینا سیاست نہیں ہے۔

ایک اور سوال کے جواب میں وزیر دفاع نے کہا کہ رواں سال کے اختتام تک نئے نظام کی کوئی نہ کوئی شکل سامنے آ جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ میری ذاتی رائے ہے کہ نئے سال میں یہ نیا نظام دیکھنے کو ملے گا۔

خواجہ آصف کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ملک میں نئے صوبوں کے قیام اور اس حوالے سے ریفرنڈم کرانے کی تجاویز پر بحث جاری ہے۔

اتوار کے روز متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (ایم کیو ایم پاکستان) کے رہنما اور وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے بھی نئے صوبوں کے قیام کے لیے ریفرنڈم کرانے کی حمایت کا اعادہ کیا۔

کراچی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے دسمبر کو ریفرنڈم کے حوالے سے اہم مہینہ قرار دیا۔

مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنی تاریخ کے ایک اہم موڑ پر کھڑا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ نئے صوبوں کی مخالفت کرنے والے عوام کو لسانی بنیادوں پر تقسیم کرنا چاہتے ہیں۔

اس سے قبل وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی بھی نئے صوبوں کے معاملے پر ریفرنڈم کو بہترین حل قرار دے چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے فیصلہ عوامی رائے کی بنیاد پر ہونا چاہیے اور تمام سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لیا جانا چاہیے۔

خواجہ آصف بھی اس سے قبل انتظامی بنیادوں پر نئے صوبوں کے قیام کی حمایت کرتے ہوئے کہہ چکے ہیں کہ ملک میں 12 صوبے بنانے کی تجویز پر غور کیا جا سکتا ہے۔