اردن کے دارالحکومت عمان میں قائم تحقیقی ادارے ’رائل اسلامک اسٹریٹجک اسٹڈیز سینٹر‘ (آر آئی ایس ایس سی) نے اپنی سالانہ اشاعت ’دی مسلم 500: دنیا کی 500 بااثر ترین مسلم شخصیات‘ کا 2027ء کا ایڈیشن جاری کر دیا ہے، جس میں پاکستان اور کشمیر کی اہم سیاسی، عسکری اور مذہبی شخصیات کو نمایاں مقام دیا گیا ہے۔

2027ء کی فہرست میں سعودی عرب، پاکستان اور ترکیہ کی قیادت سے تعلق رکھنے والی پانچ شخصیات کو مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے تناظر میں مشترکہ طور پر سرفہرست مقام دیا گیا ہے، جبکہ حافظ نعیم الرحمان سمیت دنیا بھر کی نمایاں مسلم شخصیات کے تفصیلی تعارف بھی شامل ہیں۔

فہرست کے مطابق حافظ نعیم الرحمان اپریل 2024ء میں جماعت اسلامی پاکستان کے چھٹے مرکزی امیر منتخب ہوئے اور انہوں نے سراج الحق کی جگہ ذمہ داریاں سنبھالیں۔

وہ 2013ء سے 2024ء تک جماعت اسلامی کراچی کے امیر رہے۔ اس دوران انہوں نے کراچی کے شہری مسائل، بنیادی ڈھانچے کے تحفظ اور کے الیکٹرک کی اجارہ داری کے خلاف جدوجہد کے حوالے سے نمایاں شناخت حاصل کی۔ بعد ازاں انہوں نے اپنی جدوجہد کو قومی سطح پر وسعت دی اور ملک بھر کے اہم عوامی و قومی مسائل کو اپنی سیاسی ترجیحات کا حصہ بنایا۔

حافظ نعیم الرحمان نے جامعہ این ای ڈی سے سول انجینئرنگ میں ڈگری حاصل کی، جبکہ جامعہ کراچی سے اسلامی تاریخ میں ماسٹرز کیا۔ انہوں نے 1990ء کی دہائی میں اسلامی جمعیت طلبہ کے پلیٹ فارم سے اپنی سیاسی و سماجی سرگرمیوں کا آغاز کیا اور بعد ازاں باضابطہ طور پر جماعت اسلامی میں شمولیت اختیار کی۔

فہرست میں وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کو بھی مشترکہ طور پر پہلے نمبر پر رکھا گیا ہے۔ سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان بھی نمایاں ترین شخصیات میں شامل ہیں، جبکہ ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے پانچ بااثر ترین شخصیات میں جگہ بنائی ہے۔ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای فہرست میں چوتھے نمبر پر ہیں۔

پاکستان سے مفتی محمد تقی عثمانی اور مولانا طارق جمیل سمیت دیگر اہم شخصیات بھی مسلم دنیا کی 500 بااثر شخصیات میں شامل ہیں۔

غزہ کے کمال عدوان اسپتال کے سابق سربراہ ڈاکٹر حسام ابو صفیہ کو سال کی نمایاں مرد شخصیت جبکہ ایران کے شہر میناب میں اسکول پر حملے میں بچ جانے والی طالبہ فاطمہ زہرا شیخ آبادی کو سال کی نمایاں خاتون شخصیت قرار دیا گیا ہے۔

فہرست میں ڈاکٹر ادیب رضوی، ملالہ یوسفزئی، عابدہ پروین اور عمران خان کے نام بھی شامل ہیں۔