کہتے ہیں کہ جب وقت اچھا چل رہا ہو تو سب آپ کے ہوتے ہیں، لیکن جب حالات ٹھیک نہ ہوں تو کوئی آپ کا نہیں ہوتا، سوائے اللہ کے۔ آپ چیخیں، چلائیں یا روئیں، کوئی آپ کی تکلیف سمجھنے کو تیار نہیں ہوتا۔ سب آپ کو بوجھ سمجھ کر چھوڑتے چلے جاتے ہیں اور آپ بے بسی کی تصویر بن کر خاموشی سے سب کچھ ہوتا دیکھتے رہتے ہیں۔
لیکن ایک ذات ایسی ہے جو کسی حال میں آپ کا ساتھ نہیں چھوڑتی، اور وہ اللہ کی ذات ہے، جو ہمارا خالق، رازق اور مالک ہے، جو ہماری عزت اور ذلت کا مالک ہے۔
مجھے لگتا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے مجھے بہت کچھ دکھانا تھا اور آنے والے حالات کا مقابلہ کرنے کے لیے مضبوط بنانا تھا۔ یقیناً اللہ کی آزمائش انسان کو بہت کچھ سکھاتی ہے۔ جب میں تکلیف سے گزر رہا تھا تو اس دوران میرے اپنوں نے بھی مجھے نہیں سمجھا۔ تب مجھے اللہ یاد آیا، جو ہمیں بتاتا ہے کہ ہر انسان اپنے اعمال کا خود جواب دہ ہے۔
میں نے خود کو یہ سوچ کر تسلی دی کہ جب اللہ نے ہمیں بتا دیا ہے کہ یہ دنیا امتحان ہے اور اس دنیا کے انسان بھی ہمارے لیے امتحان ہیں تو پھر میں اللہ کو چھوڑ کر باقی سب کے رویوں پر کیوں پریشان ہوں؟
یہی سوچ تھی جس نے مجھے اللہ کے قریب کر دیا۔ میں اس قدر اس کے قریب ہوتا گیا کہ اب مجھے اس بات کی پروا نہیں رہی کہ کون میرے بارے میں کیا کہتا ہے، کون مجھے چھوڑتا ہے اور کون میرا ساتھ دیتا ہے۔
انسان بہت سی کوششیں کرتا ہے، بہت سی تدبیریں سوچتا ہے، مگر یہ بھول جاتا ہے کہ ہونا وہی ہے جو اللہ چاہتا ہے۔ انسان کے چاہنے سے کچھ نہیں ہوتا۔ ہاں، اللہ سے مانگیں اور پورے یقین کے ساتھ مانگیں۔ میرا اللہ اپنے بندے کو وہ عطا کرنے پر قادر ہے جو اس کے حق میں بہتر ہو، مگر سب سے پہلے اس کی رضا ہے۔
مجھ پر بے شمار تہمتیں لگائی گئیں۔ میری ذات کے ساتھ بہت سی ایسی باتیں منسوب کی گئیں جن کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں تھا۔ اور اگر ایسا ہوتا بھی تو انسان کون ہوتا ہے کہ اللہ کے فیصلوں میں مداخلت کرے؟ جب اللہ سب جانتا ہے تو کسی انسان کو یہ اختیار ہرگز نہیں کہ وہ اللہ کے فیصلے خود کرنے لگے۔
میری زندگی میں بہت سے اتار چڑھاؤ آئے۔ کبھی بہت اچھے حالات تھے اور کبھی بہت برے۔ اگر میں نے کسی ذات کو مستقل اپنے ساتھ پایا تو وہ صرف اور صرف اللہ کی ذات تھی۔ ہاں، کچھ لوگ بھی تھے جنہوں نے میرا ساتھ نہیں چھوڑا، اور میں تاعمر ان کا احسان مند رہوں گا۔ میری دعا ہے کہ زندگی بھر ان کے ساتھ جڑا رہوں۔
اور جن لوگوں نے میرے برے حالات دیکھ کر مجھے چھوڑ دیا یا میرے ساتھ تکلیف دہ رویہ اختیار کیا، میں ان کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے مجھے یہ سمجھایا کہ کچھ بھی مستقل نہیں۔ یہ دنیا اور اس کے لوگ سب عارضی ہیں، تو پھر ان کے لیے خود کو کیوں تکلیف دی جائے؟
جو پاس ہے، اس پر ہر وقت اللہ کا شکر ادا کریں اور جو نہیں ہے، اس کے لیے دعا کریں۔ انسان تو بس انسان ہے۔ جب آپ کے ساتھ ہوتا ہے تو آپ کی برائیاں بھول جاتا ہے اور جب آپ کے خلاف ہوتا ہے تو آپ کی اچھائیاں بھی بھول جاتا ہے۔
ہاں، ایک ذات ایسی ہے جو سب کچھ یاد رکھتی ہے اور وہ میرے اللہ کی ذات ہے، جو اپنے بندے کو کسی حال میں تنہا نہیں چھوڑتی۔
میں نے جب بھی اللہ کو بھول کر دنیا کو ترجیح دی، تب تب زوال اور تکلیف کا شکار ہوا۔ میرے اللہ نے مجھے خود سے جوڑنے کے لیے وہاں توڑا جہاں مجھے سب سے زیادہ بھروسہ تھا۔ مجھے احساس دلایا کہ ندیم! جنہیں تم سب کچھ سمجھتے ہو، وہ تو خود میرے محتاج ہیں۔ ان کے لیے مجھے کیوں بھول گئے؟
پھر اللہ نے دل کو سکون دے دیا، صبر عطا کر دیا اور جیسے سمجھا دیا کہ اب میرے ہو کر دیکھو، پھر دیکھنا سب کچھ کیسے بدلتا ہے۔ یقیناً ایسا ہی ہوا۔
جب میں اپنے ماضی پر نظر دوڑاتا ہوں تو بے ساختہ آنکھوں سے آنسو نکل آتے ہیں کہ انسان کیا ہے؟ جب دل چاہتا ہے خود کو خدا بنا لیتا ہے۔ نہ اسے اللہ یاد رہتا ہے، نہ قرآن پاک اور نہ ہی وہ انسان جو سچ پر ہوتا ہے مگر جس کی بات پر یقین نہیں کیا جاتا۔
جب وہ انسان اپنی تمام تر کوششوں کے باوجود ناکام ہو جاتا ہے تو تھک ہار کر اللہ کے حضور پیش ہوتا ہے۔ اس کی آنکھوں سے آنسوؤں کا نہ تھمنے والا سلسلہ جاری ہوتا ہے، اور ایک اللہ کی ذات ہوتی ہے جو اسے پھر سے سنبھال لیتی ہے، مضبوطی سے کھڑا کر دیتی ہے۔
وہ اسے اس قدر مضبوط بنا دیتی ہے کہ پھر کوئی کچھ بھی کہے، وہ خاموشی سے مسکرا کر برداشت کرتا ہے، کیونکہ اس کا سب کچھ اب اللہ کے ساتھ جڑ چکا ہوتا ہے۔
جو بندہ اپنی غلطیوں پر نادم ہو کر اللہ کے حضور پیش ہوتا ہے، اللہ اس کے لیے رحمت اور انعامات کے دروازے کھول دیتا ہے۔ ایسے ایسے انعامات سے نوازتا ہے جن کا انسان تصور بھی نہیں کر سکتا۔ مگر یہ سب اس بندے کے لیے ہے جو آزمائش کا صبر اور شکر کے ساتھ مقابلہ کرتا ہے۔
پھر اللہ اسے ان لوگوں کے سامنے عزت کے ساتھ لا کھڑا کرتا ہے جو کبھی اسے کمتر سمجھ کر برے وقت میں چھوڑ گئے تھے، جنہوں نے اس کی بے بسی کو سمجھنے کے بجائے اسے مزید تکلیف دی تھی۔ وقت گزرنے کے ساتھ انہیں احساس ہوتا ہے کہ شاید ان کا رویہ درست نہیں تھا۔ وہ انسان تو خود تکلیف میں تھا اور حالات اس کے اختیار میں نہیں تھے۔
اللہ نے ان حالات سے اسے گزارا تاکہ وہ لوگوں کی حقیقت پہچان سکے، مضبوط ہو اور اپنے رب کے ساتھ اس کا تعلق مزید گہرا ہو۔
میرا مقصد صرف یہ بتانا ہے کہ انسان کچھ بھی نہیں، سارا اختیار صرف اور صرف اللہ کے پاس ہے۔ انسان کے پاس محنت، صبر اور شکر ہے، جن کی بنیاد پر وہ اپنی زندگی کو خوبصورت بنا سکتا ہے۔
میں یہ کہنا چاہتا ہوں کہ کبھی کسی کو مشکل حالات میں تکلیف نہ دیں، بلکہ اس کا سہارا بنیں۔ اور جو لوگ آپ کے مشکل وقت میں آپ کے ساتھ کھڑے رہیں، انہیں زندگی بھر خود سے جدا نہ کریں۔
یہ سب تبھی ممکن ہے جب ہم اللہ کو سب سے پہلے رکھیں گے اور اس پر کامل بھروسہ کریں گے۔ یقیناً اللہ بہترین صلہ دینے والا ہے۔
اقبال نے خوب کہا ہے:
خدا کے عاشق تو ہیں ہزاروں بنوں میں پھرتے ہیں مارے مارے
میں اس کا بندہ بنوں گا جس کو خدا کے بندوں سے پیار ہوگا







