سابق امریکی صدر جو بائیڈن نے اپنی کتاب میں نیتن یاہو کے ساتھ تعلقات، غزہ جنگ کے دوران اختلافات اور اسرائیل کو امریکی فوجی و سفارتی حمایت فراہم کرنے کے فیصلے پر تفصیلی اظہارِ خیال کیا ہے۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ اسرائیلی وزیر اعظم کے ساتھ ان کے تعلقات میں زیادہ اعتماد نہیں تھا اور انہیں ان کے سیاسی طرزِ عمل پر مسلسل تحفظات رہتے تھے۔

بائیڈن کے مطابق نیتن یاہو اپنے ملک کے طویل مدتی مفادات کے بجائے اکثر اپنے فوری سیاسی مستقبل کو ترجیح دیتے دکھائی دیتے تھے۔

ترکی کی خبر رساں ایجنسی انادولو کے مطابق بائیڈن نے اپنی خودنوشت (Promise Me, America) میں لکھا ہے کہ ہمارے درمیان زیادہ اعتماد نہیں تھا۔ مجھے بی بی (نیتن یاہو کا معروف عرف) کے بعض رجحانات پر بھی تشویش تھی، جو ڈونلڈ ٹرمپ سے ملتے جلتے تھے۔ وہ حقائق کے معاملے میں انتہائی لچکدار ہوسکتے تھے اور اپنے ذاتی مفادات کے لیے جمہوری اداروں کو موڑنے میں انہیں کوئی ہچکچاہٹ نہیں ہوتی تھی۔

یہ اقتباس امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل کی جانب سے کتاب کے مندرجات پر شائع ہونے والی رپورٹ میں بھی شامل کیا گیا ہے۔

بائیڈن نے اپنی کتاب میں 7 اکتوبر 2023ء کو حماس کے اسرائیل پر حملے اور اس کے بعد شروع ہونے والی غزہ جنگ کا بھی ذکر کیا ہے۔ ان کے مطابق اس حملے نے مشرق وسطیٰ میں مستقل امن کے حوالے سے ان کی امیدوں کو شدید دھچکا پہنچایا۔

انہوں نے بتایا کہ حملے کے روز ہی انہوں نے نیتن یاہو سے کئی مرتبہ رابطہ کیا تھا تاکہ انہیں یقین دلایا جاسکے کہ امریکا اس بات کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے کہ ایسا واقعہ دوبارہ پیش نہ آئے۔

سابق امریکی صدر کے مطابق جنگ شروع ہونے کے بعد انہوں نے اسرائیلی قیادت سے بارہا مطالبہ کیا کہ فوجی کارروائیوں کے دوران شہریوں کو پہنچنے والے نقصان کو کم کرنے کے لیے ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں۔ ان کا کہنا ہے کہ انہوں نے نیتن یاہو کے ساتھ نجی ملاقاتوں اور ٹیلی فون پر ہونے والی متعدد گفتگو میں بھی اس معاملے پر اپنی تشویش ظاہر کی تھی۔

تاہم بائیڈن کے بقول نیتن یاہو ایک طرف شہری ہلاکتوں سے اسرائیل کی عالمی ساکھ اور جنگ کے لیے امریکی حمایت کو پہنچنے والے نقصان کو تسلیم کرتے تھے، لیکن دوسری جانب اسرائیلی فوج کی جارحانہ کارروائیاں جاری رہتی تھیں۔

انہوں نے لکھا کہ ایک مانوس سلسلہ بن گیا تھا۔ وہ مزید احتیاط برتنے کا وعدہ کرتے اور اس کے بعد ایک اور جارحانہ کارروائی ہوتی، جس میں مزید شہری مارے جاتے۔ جب ہم اس بارے میں سوال کرتے تو اسرائیلی حکام کے پاس ہمیشہ کوئی نہ کوئی وضاحت یا جواز ہوتا، لیکن نتیجہ وہی رہتا۔ بی بی وعدے کرنے میں کوئی ہچکچاہٹ محسوس نہیں کرتے تھے، خواہ ان پر عمل کرنے کی ان میں نہ طاقت ہو اور نہ ہی نیت۔

بائیڈن نے مزید کہا کہ وہ سمجھتے تھے کہ نیتن یاہو شدید سیاسی دباؤ کا سامنا کر رہے ہیں، تاہم انہیں اس بات پر مایوسی ہوئی کہ اسرائیلی وزیر اعظم ایک مدبر کی طرح سوچنے اور اپنے ملک کے طویل مدتی مفادات کے تحفظ میں ناکام رہے۔

ان کے مطابق نیتن یاہو کو اپنے فوری سیاسی مستقبل کے بجائے اسرائیل کے وسیع تر مفادات کو ترجیح دینی چاہیے تھی۔

اس کے باوجود بائیڈن نے اسرائیل کو امریکی فوجی اور سفارتی حمایت فراہم کرنے کے اپنے فیصلے کا دفاع کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ صدر کی حیثیت سے ان کی ذمہ داری تھی کہ وہ امریکا کے مفادات کا تحفظ کریں اور اپنے اتحادیوں کی حمایت کریں۔

انہوں نے واضح کیا کہ 7 اکتوبر کے حملے کے بعد اسرائیل کی حمایت کرنے پر انہیں کوئی پچھتاوا نہیں، تاہم غزہ میں بڑی تعداد میں بے گناہ فلسطینیوں کی شہادتوں نے انہیں گہرے دکھ سے دوچار کیا۔

بائیڈن نے اپنی کتاب میں لکھا کہ 2022ء کے اواخر میں نیتن یاہو کی دوبارہ اقتدار میں واپسی کے بعد ان کے نزدیک اسرائیل کے تحفظ کا مطلب صرف اسے بیرونی دشمنوں سے محفوظ رکھنا نہیں تھا بلکہ اسے اپنے ہی بعض اقدامات کے نتائج سے بھی بچانا تھا۔

یہ بیان بائیڈن کی اس پالیسی سوچ کی عکاسی کرتا ہے جس کے تحت وہ اسرائیل کی سلامتی کی حمایت کے ساتھ اس کی حکومت کی فوجی کارروائیوں پر تحفظات بھی رکھتے تھے۔