دفتر خارجہ کی جانب سے پیر کو جاری اعلامیے کے مطابق اسلام آباد میں اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے وزرائے خارجہ کونسل کے 30ویں اجلاس کے موقع پر اسحاق ڈار اور عباس عراقچی کے درمیان دوطرفہ ملاقات ہوئی۔

ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ایران کے درمیان مضبوط اور برادرانہ تعلقات کا اعادہ کرتے ہوئے دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا کہ زیر التوا علاقائی مسائل کے حل، کشیدگی میں اضافے کی روک تھام اور پائیدار امن و استحکام کے قیام کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری ہی واحد قابلِ عمل راستہ ہیں۔

علاقائی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے زور دیا کہ مسائل کے حل، کشیدگی کو بڑھنے سے روکنے اور پائیدار امن و استحکام کے حصول کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کو ترجیح دینا ضروری ہے۔

دونوں وزرائے خارجہ نے باہمی دلچسپی کے امور پر قریبی رابطے اور باقاعدہ مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ انہوں نے علاقائی صورتحال میں ہونے والی پیش رفت اور مشترکہ مفادات کے معاملات پر مسلسل رابطے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے ای سی او وزرائے خارجہ کونسل کے 30ویں اجلاس کی کامیاب میزبانی پر پاکستان کو مبارک باد دی۔ انہوں نے اجلاس کے دوران ہونے والی نتیجہ خیز مشاورت، پاکستان کی گرم جوش مہمان نوازی اور بہترین انتظامات کو بھی سراہا۔

ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے علاقائی تعاون اور رابطوں کے فروغ سمیت ای سی او کی ترجیحات کو آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔