سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں چوہدری سالک حسین نے کہا کہ انہوں نے اپنے وکیل کے ذریعے ہتکِ عزت کے دو قانونی نوٹس بھجوائے ہیں، جن میں سے ایک مریم نواز شریف اور دوسرا عظمیٰ زاہد بخاری کو بھیجا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے بھیجے گئے قانونی نوٹس کا باضابطہ جواب جمع کروا دیا گیا ہے۔
چوہدری سالک حسین کا کہنا تھا کہ قانونی نوٹس کے ذریعے دھمکانے کی کوششیں نہ تو انہیں خاموش کر سکتی ہیں اور نہ ہی عوامی مفاد اور فلاح و بہبود سے متعلق مسائل پر آواز اٹھانے سے روک سکتی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ صوبہ بدستور شدید بدانتظامی اور بدعنوانی کی دلدل میں پھنسا ہوا ہے۔ یہ ایسے مسائل ہیں جن پر دھمکیوں کے بجائے خود احتسابی اور جواب دہی کی ضرورت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور پنجاب کے وسیع تر مفاد میں شفافیت اور احتساب کے لیے ان کا عزم غیر متزلزل ہے۔
چوہدری سالک حسین کی جانب سے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری کو ہتکِ عزت کے نوٹس 11 نومبر کو بھجوائے گئے تھے۔
مریم نواز کو بھیجے گئے نوٹس میں 3 نومبر کو اٹک میں کی گئی ان کی تقریر کا حوالہ دیا گیا ہے، جس میں وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا تھا کہ گجرات کے ایک وزیر، چوہدری شجاعت حسین کے بیٹے سالک حسین نے جھوٹے الزامات لگائے ہیں۔ انہوں نے کہا تھا کہ وہ جھوٹے الزامات برداشت نہیں کریں گی، ثبوت ہیں تو پیش کیے جائیں، ورنہ عدالت میں گھسیٹیں گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے یہ بھی کہا تھا کہ سالک حسین کو اس بات پر تکلیف ہے کہ گجرات میں نیا ڈپٹی کمشنر ان کی مرضی کے مطابق کیوں تعینات نہیں کیا گیا۔
مریم نواز کو بھجوائے گئے قانونی نوٹس میں 7 روز کے اندر جواب دینے اور غیر مشروط معافی مانگنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ نوٹس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ اطمینان بخش جواب نہ ملنے کی صورت میں قانونی کارروائی کا حق محفوظ رکھا جائے گا۔
دوسری جانب عظمیٰ بخاری کو بھجوائے گئے نوٹس میں ان کی 2 نومبر کی سوشل میڈیا پوسٹ کو بنیاد بنایا گیا ہے۔
عظمیٰ بخاری نے اپنی پوسٹ میں کہا تھا کہ گجرات میں اپنی مرضی کا ڈپٹی کمشنر تعینات نہ ہونے پر اتنا غصہ کیا گیا، وزیراعلیٰ کسی کے کہنے پر ڈپٹی کمشنر تعینات نہیں کرتیں۔ انہوں نے سالک حسین پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ جس تھالی میں کھاتے ہیں، اسی میں چھید کرتے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ سالک حسین کو بیان بازی کے بجائے شافع حسین سے حقائق معلوم کر لینے چاہییں تھے۔
عظمیٰ بخاری کو بھیجے گئے نوٹس میں بھی 7 روز کے اندر جواب دینے اور غیر مشروط معافی مانگنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔
اس معاملے پر عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور انہیں تاحال کوئی نوٹس موصول نہیں ہوا۔ ان کے مطابق نوٹس موصول ہونے پر اس کا جائزہ لیا جائے گا۔







