سوال یہ ہے کہ قیمتوں کو کنٹرول میں رکھنا کس کی ذمہ داری ہے؟ گیس کی سپلائی بحال رکھنا کس کا فرض ہے؟ ابھی تو سردیوں کا آغاز ہوا ہے اور یہ ایک شہری کی پریشانی کا ذکر ہے۔

ان لوگوں کا کیا ہوگا جو دور دراز اور سرد علاقوں میں رہتے ہیں، جہاں نہ بجلی کی سہولت میسر ہے اور نہ ہی پائپ لائن کے ذریعے گیس پہنچتی ہے؟

جماعت اسلامی مسلسل ان مسائل کی طرف توجہ دلاتی رہی ہے۔ کبھی قدرتی گیس سے ایل این جی تیار کرکے ورچوئل پائپ لائن کے ذریعے دور دراز علاقوں تک پہنچانے کی تجویز دی، تو کبھی ایل پی جی کی سپلائی برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔

اگر حکمران جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمٰن کی پریس کانفرنسز اور تقاریر میں اٹھائے گئے نکات پر توجہ دیتے اور ان تجاویز پر عمل کرتے تو شاید آج ہمیں اس سنگین صورت حال کا سامنا نہ کرنا پڑتا۔

سولر پاور کی طرف منتقلی پر قدغن لگانے کے خلاف بھی ہم مسلسل آواز اٹھاتے رہے ہیں۔ توانائی کے متبادل ذرائع کو فروغ دے کر گیس کے استعمال پر دباؤ کم کیا جا سکتا تھا۔

پاکستان میں گیس کی تلاش کے عمل کو تیز اور مؤثر بنانے کے لیے بھی حالیہ مذاکرات کے دوران تجاویز پیش کی گئیں، مگر ان ناعاقبت اندیش حکمرانوں کے کان پر جوں تک نہیں رینگتی۔

حکمرانوں کی ترجیحات کچھ اور ہی دکھائی دیتی ہیں۔ ان کے لیے اہم یہ ہے کہ قرضے کیسے حاصل کیے جائیں، اس مقصد کے لیے آئی ایم ایف کو کیسے راضی رکھا جائے اور انکل سام کے احکامات کی کس طرح تابعداری کی جائے۔

ان تمام مقاصد کے حصول کے لیے پاکستانی عوام کے گلے پر چھری چلائی جاتی ہے۔ عوام کی فلاح و بہبود اور خوشحالی کی انہیں کوئی پروا نہیں، نہ ہی ان کی تکالیف حکمرانوں کو پریشان کرتی ہیں۔

انہیں شاید یقین ہے کہ اقتدار میں آنا اور اس پر قائم رہنا عوامی حمایت کا مرہونِ منت نہیں، کیونکہ فیصلے کہیں اور ہوتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ عوام کا رہا سہا درد بھی ان کے دلوں سے جاتا رہا ہے۔

یہ حکومت ایک زندہ لاش بن گئی ہے، جس کی تدفین کا وقت آ گیا ہے۔ مزید دیر کرنے سے تعفن پھیلنے کا اندیشہ ہے۔

تحریر: سید فراست شاہ، ماہر امورِ توانائی و رہنما جماعت اسلامی

نوٹ: بلاگر کے ذاتی خیالات سے ادارے کا متفق ہونا ضروری نہیں۔ ایڈیٹر