'انہوں نے کہا ہے کہ  خدارا میرا اعتبار کریں۔ میں نے اللہ کے راستے کی خاطر میوزک انڈسٹری کو چھوڑا ہے۔ جس کو شک ہے وہ آئیں، میری دکان ہے، وہاں میں خود آپ سے ملوں گی۔ مجھے مردوں کو ثبوت دینے کی ضرورت نہیں ہے، البتہ میں خواتین کو اپنا چہرہ دکھا کر ثابت کر سکتی ہوں۔'

 لوک گلوکارہ نے ماضی میں ’دانے پہ دانا‘، ’لال میری پت‘، ’ہو جمالو‘ اور ’میرا اڑتا پنکھیڑا کدی آؤ نہ میرے دیس‘ جیسے گیت لوگوں کو سنائے۔

شازیہ خشک نے 1984 میں گلوکاری کا آغاز کیا اور 1992 میں پاکستان ٹیلی وژن سے ان کا باقاعدہ فنی سفر شروع ہوا۔ سندھی اور بلوچی لوک موسیقی ان کی اصل پہچان بنی لیکن انہوں نے سندھی، بلوچی، سرائیکی، اردو، پنجابی، براہوی، کشمیری، گجراتی اور ڈھاٹکی سمیت مختلف زبانوں میں گیت گائے۔

 انہوں نے اپنے طویل فنی سفر میں 500 سے زیادہ گانے ریکارڈ کیے اور 45 ممالک میں پرفارم کیا۔ ان کی آواز نے انہیں بین الاقوامی سطح پر بھی شناخت دی اور انہیں مختلف اعزازات سے نوازا گیا۔

ان کے مطابق موسیقی چھوڑنے  کا فیصلہ انہوں نے مذہبی وجوہات کی بنیاد پر کیا۔ یہ فیصلہ پہلی مرتبہ 2019 میں عوامی طور پر سامنے آیا۔ 

اس وقت شازیہ خشک نے کہا تھا کہ انہوں نے مذہبی وجوہات کی بنا پر موسیقی اور شوبز چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے اور اب اپنی باقی زندگی اسلام کی خدمت میں گزارنا چاہتی ہیں۔ 

انہیں بیرون ملک سے پرفارمنس کی پیشکشیں بھی مل رہی تھیں لیکن انہوں نے انہیں مسترد کردیا۔ انہوں نے کہا کہ اب وہ اپنی باقی زندگی اسلام کی خدمت میں گزارنا چاہتی ہیں اور دوبارہ موسیقی کی دنیا میں واپس نہیں آئیں گی۔

بعد میں اپنے ایک انٹرویو میں انہوں نے بتایا کہ جنید جمشید کی زندگی اور خاص طور پر ان کی وفات نے انہیں بہت متاثر کیا تھا۔ ان کے مطابق اس واقعے کے بعد انہوں نے اپنی زندگی، شہرت، موسیقی اور آخرت کے بارے میں سنجیدگی سے سوچا اور پھر موسیقی چھوڑنے کا فیصلہ کیا۔

جو گلوکارہ ایک وقت میں بڑے بڑے سٹیجز پر ہزاروں لوگوں کے سامنے پرفارم کرتی تھیں، آج ان کی زندگی بالکل مختلف ہے۔

اردو نیوز  سے وابستہ صحافی ادیب یوسفزئی اپنی فیس بک وال پر لکھتے  ہیں کہ تازہ ویڈیوز میں شازیہ خشک کراچی میں ایک چھوٹے سے کاروبار سے وابستہ دکھائی دیتی ہیں جہاں وہ مصنوعی زیورات اور ہاتھ سے تیار کردہ روایتی ملبوسات فروخت کر رہی ہیں۔ 

انہوں نے پردہ اختیار کر رکھا ہے اور اب وہ شوبز کی چمک دمک سے بہت دور ایک سادہ زندگی گزار رہی ہیں۔

ان کے مطابق ان کے جڑواں بچے بیرون ملک مقیم ہیں جبکہ وہ خود پاکستان میں رہتی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ جب ان کی موجودہ ویڈیو سوشل میڈیا پر سامنے آئی تو بہت سے لوگ انہیں پہچان ہی نہیں سکے۔ 

کبھی ان کی آواز ریڈیو، ٹی وی اور سٹیجز پر گونجتی تھی آج وہ خود اپنی دکان پر موجود ہوتی ہیں اور اسی لیے وہ لوگوں سے کہتی ہیں کہ اگر کسی کو یقین نہیں تو وہ ان کی دکان پر آکر خود ان سے ملے۔