انڈین میڈیا کے مطابق جسٹس ایم ایم سندریش اور جسٹس پرسنّا بی ورالے پر مشتمل دو رکنی بینچ نے یہ حکم 28 اکتوبر کو جاری کیا تھا، جس کی تفصیلات 16 نومبر کو سامنے آئیں۔

ضمانت حاصل کرنے والے مجرموں کی شناخت بِپن چند کنہیا لال جوشی اور پردیپ رام لال مودھیا کے نام سے ہوئی ہے۔ دونوں نے بمبئی ہائی کورٹ کے 4 مئی 2017 کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔

مجرموں کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ دونوں 17 سال سے زائد عرصے سے جیل میں ہیں، جبکہ ان میں سے ایک کا نام ابتدائی مقدمے میں شامل نہیں تھا اور اسے واقعے کے تقریباً تین سال بعد مقدمے میں نامزد کیا گیا۔

سرکاری وکیل نے ضمانت کی درخواستوں کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ نچلی عدالتوں نے جرم کی سنگینی اور دستیاب شواہد کا جائزہ لینے کے بعد سزائیں سنائی تھیں۔

سپریم کورٹ نے دونوں مجرموں کی سزائیں معطل کرتے ہوئے ضمانت کی شرائط طے کرنے کا اختیار متعلقہ ٹرائل کورٹ کو دے دیا۔

بلقیس بانو کیس کا پس منظر

بلقیس بانو کیس 2002 میں انڈین ریاست گجرات میں ہونے والے مسلم کش فسادات سے تعلق رکھتا ہے۔ اس وقت 21 سالہ بلقیس بانو پانچ ماہ کی حاملہ تھیں۔

وہ فسادات سے بچنے کے لیے اپنے اہل خانہ کے ہمراہ نقل مکانی کر رہی تھیں کہ 3 مارچ 2002 کو ایک ہجوم نے ان کے خاندان پر حملہ کردیا۔

اس دوران بلقیس بانو کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا، جب کہ ان کی تین سالہ بیٹی سمیت خاندان کے سات افراد کو قتل کردیا گیا۔

ممبئی کی خصوصی عدالت نے 2008 میں اس مقدمے میں 11 افراد کو عمر قید کی سزا سنائی تھی، جسے بمبئی ہائی کورٹ نے 2017 میں برقرار رکھا۔

اگست 2022 میں گجرات حکومت نے ان 11 مجرموں کو معافی دے کر قبل از وقت رہا کردیا تھا، تاہم 8 جنوری 2024 کو بھارتی سپریم کورٹ نے یہ فیصلہ کالعدم قرار دے دیا۔

عدالت نے قرار دیا تھا کہ چونکہ مقدمے کی سماعت ممبئی میں ہوئی تھی، اس لیے مجرموں کی سزا میں رعایت دینے کا اختیار گجرات حکومت کے پاس نہیں بلکہ مہاراشٹر حکومت کے پاس تھا۔ اس فیصلے کے بعد تمام 11 مجرموں کو دوبارہ جیل واپس جانے کا حکم دیا گیا تھا۔

تازہ عدالتی حکم صرف دو مجرموں سے متعلق ہے، جب کہ باقی نو مجرموں کی سزا کی صورتحال پر اس کا کوئی اثر نہیں پڑا۔ دونوں مجرموں کی اپیلوں پر حتمی فیصلہ ہونا ابھی باقی ہے۔