انڈیا کے دورہ انگلینڈ کے لیے ٹیسٹ اسکواڈ میں ممکنہ تبدیلیوں کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، جن میں حالیہ ڈومیسٹک سیزن میں بہترین کارکردگی دکھانے والے بیٹرز سائی سدھارسن اور کرون نائر کو شامل کیے جانے کا قوی امکان ہے۔ اسکواڈ کا باضابطہ اعلان 24 مئی، ہفتے کے روز متوقع ہے۔
کرکٹ سے متعلق خبروں کی ویب سائیٹ کرک بز کے مطابق کرون نائر نے رنجی ٹرافی کے نو میچوں میں 863 رنز اور وجے ہزارے ٹرافی کی آٹھ اننگز میں 779 رنز اسکور کیے، جو ان کی مستقل اور شاندار کارکردگی کا ثبوت ہے۔ یہی وجہ ہے کہ انہیں ممکنہ طور پر سینئر ٹیم کا حصہ بنایا جا رہا ہے۔
چند نئے ناموں کے علاوہ، ٹیم تقریباً وہی ہوگی جو نومبرجنوری میں بارڈرگواسکر ٹرافی کے لیے آسٹریلیا گئی تھی۔ روہت شرما اور ویرات کوہلی، جنہوں نے حال ہی میں ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا، اسکواڈ میں شامل نہیں ہوں گے۔
ودربھ کے بیٹر، جنہوں نے ٹیم کو رنجی ٹرافی جیتنے اور وجے ہزارے ٹرافی میں دوسرے مقام تک پہنچانے میں مرکزی کردار ادا کیا، پہلے ہی انڈیا اے اسکواڈ میں شامل ہو چکے ہیں جو کچھ دنوں میں انگلینڈ روانہ ہو گا۔ ان کی سینئر ٹیم میں شمولیت بھی متوقع ہے۔

23 سالہ سدھارسن، جو اس وقت آئی پی ایل میں 638 رنز کے ساتھ سرفہرست بیٹر ہیں، کو بھی اسکواڈ میں شامل کیے جانے کی امید ہے۔ انہیں انگلینڈ لائنز کے خلاف دوسرے انڈیا اے میچ کے لیے پہلے ہی منتخب کیا جا چکا ہے، اور کرکٹ حلقوں میں ان کی ٹیم انڈیا میں متوقع شمولیت پر چرچے کیے جا رہے ہیں۔ تمل ناڈو سے تعلق رکھنے والے بائیں ہاتھ کے بیٹر کی شاندار تکنیک اور پُرسکون مزاج کی تعریف خود انگلش کپتان جوس بٹلر جیسے کھلاڑی بھی کر چکے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:انڈین کرکٹ بورڈ کی ایشیا کپ سے دستبرداری سے متعلق خبروں کی تردید
اگرچہ سدھارسن نے جاری آئی پی ایل میں شبمن گل کے ساتھ کامیاب اوپننگ پارٹنرشپ قائم کی ہے، لیکن وہ انگلینڈ میں اوپننگ نہیں کریں گے۔ سمجھا جاتا ہے کہ ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر نے کے ایل راہول کو غیر رسمی طور پر آگاہ کیا ہے کہ وہ اوپر بیٹنگ کریں گے۔ اگر یہ منصوبہ برقرار رہا، تو راہول، یشسوی جیسوال کے ساتھ اوپننگ کریں گے، اور گل چوتھے نمبر پر آئیں گے۔ اس صورت میں تیسرا نمبر سدھارسن یا نائر کو مل سکتا ہے۔
سلیکٹرز کے درمیان چیتشور پجارا کو واپس لانے کی بھی باتیں ہو رہی ہیں لیکن تاثر یہی ہے کہ ٹیم انتظامیہ اب ماضی کی طرف نہیں دیکھنا چاہتی۔ سرفراز خان کے اسکواڈ میں شامل ہونے کا بھی امکان ہے، لیکن دیودت پڈیکل، جو بی جی ٹی اسکواڈ میں تھے، ابھی مکمل طور پر فٹ نہیں ہیں۔
مزید پڑھیں:’14 سال وائٹ جرسی پہننا اعزاز کی بات رہی‘، وراٹ کوہلی کا ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان
محمد شامی کی غیر موجودگی میں تیز گیند بازوں میں جسپریت بمراہ، محمد سراج، پرسادھ کرشنا، آکاش دیپ اور ہرشت رانا شامل ہوں گے۔ رویندر جڈیجا اور واشنگٹن سندر اسپنرز کے طور پر آل راؤنڈر کردار ادا کریں گے۔ نیتیش کمار ریڈی اور شاردل ٹھاکر کے لیے بھی جگہ بننے کا امکان ہے۔ وکٹ کیپنگ کی ذمہ داریاں رشبھ پنت اور دھروو جورل سنبھالیں گے، اور کلدیپ یادو واحد اسپیشلسٹ اسپنر ہوں گے۔
ممکنہ اسکواڈ میں شبمن گل، یشسوی جیسوال، کے ایل راہول، کرون نائر، سائی سدھارسن، سرفراز خان، رویندر جڈیجا، واشنگٹن سندر، نیتیش کمار ریڈی، رشبھ پنت، دھروو جورل، جسپریت بمراہ، محمد سراج، پرسادھ کرشنا، آکاش دیپ، ہرشت رانا، شاردل ٹھاکر اور کلدیپ یادو شامل ہوں گے۔