محکمہ تعلیم کی جانب سے جاری احکامات کے مطابق اسکول انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ طلبہ کے لیے تفریحی دوروں کا منصوبہ بناتے وقت مقررہ حدود کا خاص خیال رکھا جائے۔ اس فیصلے کے تحت لاہور کے اسکولوں کو ضلع سے باہر طویل فاصلے پر مطالعاتی یا تفریحی دورے منعقد کرنے کی اجازت نہیں ہوگی، جبکہ 50 کلومیٹر کی مقررہ حد کے اندر رہتے ہوئے سرگرمیوں کا اہتمام کیا جا سکے گا۔
تعلیمی معیار بہتر بنانے اور طلبہ کی انگریزی زبان میں مہارت بڑھانے کے لیے بھی نئی ہدایات دی گئی ہیں۔ محکمہ تعلیم نے تمام اسکولوں کو پابند کیا ہے کہ روزانہ زیرو پیریڈ کے دوران طلبہ کو انگریزی کا ایک نیا لفظ سکھایا جائے۔ اس کے ساتھ طلبہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سیکھے گئے لفظ کو استعمال کرتے ہوئے اپنے جملے بھی بنائیں تاکہ ان کی ذخیرہ الفاظ میں اضافہ ہو اور زبان کے عملی استعمال کی صلاحیت بہتر ہو سکے۔
محکمہ تعلیم نے طلبہ اور اساتذہ کی صحت کے تحفظ کے لیے اسکولوں میں ماسک اور ہینڈ سینیٹائزر کی دستیابی یقینی بنانے کا بھی حکم دیا ہے۔ اسکول سربراہان کو ہدایت کی گئی ہے کہ صفائی ستھرائی اور احتیاطی تدابیر پر توجہ دیں اور ضروری حفاظتی سامان کی فراہمی میں کسی قسم کی غفلت نہ برتیں۔
اسکولوں کے ماحول کو بہتر اور خوشگوار بنانے کے لیے بھی اقدامات کی ہدایت کی گئی ہے۔ سرکاری تعلیمی اداروں کو خود مدد کے تحت اسکولوں کی خوبصورتی پر توجہ دینے اور کلاس رومز کی دیواروں کو رنگین بنانے کا کہا گیا ہے، تاکہ طلبہ کو بہتر اور دلکش تعلیمی ماحول فراہم کیا جا سکے۔ اس کے علاوہ اسکولوں میں جاری تعمیراتی کام جلد از جلد مکمل کرنے پر بھی زور دیا گیا ہے تاکہ تعلیمی سرگرمیاں متاثر نہ ہوں اور طلبہ کو درپیش مشکلات کا خاتمہ کیا جا سکے۔
یہ ہدایات سیکرٹری اسکول ایجوکیشن کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں جاری کی گئیں، جس میں صوبے کے تمام اضلاع کے چیف ایگزیکٹو آفیسرز (سی ای اوز) نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران تعلیمی اداروں کی مجموعی صورتحال، انتظامی امور اور جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ بھی لیا گیا۔
محکمہ تعلیم نے واضح کیا ہے کہ نئی ہدایات پر عمل درآمد کی ذمہ داری متعلقہ افسران اور اسکول سربراہان پر عائد ہوگی۔ احکامات کی خلاف ورزی یا عمل درآمد میں غفلت سامنے آنے کی صورت میں ذمہ دار افسران اور اسکول سربراہان کے خلاف کارروائی کے لیے ذمہ داری کا تعین کیا جائے گا۔







