لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ایک وقت میں ملک کی زرعی ترقی کی شرح 6.54 فیصد تھی، تاہم حکومت کی اپنی رپورٹ کے مطابق یہ شرح کم ہو کر 0.4 فیصد رہ گئی ہے۔ ان کے مطابق کسانوں کو باردانہ دستیاب نہیں، پیداواری اخراجات پورے کرنا مشکل ہو چکا ہے اور کھاد بھی انتہائی مہنگے نرخوں پر فروخت ہو رہی ہے، گزشتہ دس برس کے دوران کپاس کی پیداوار میں 60 فیصد تک کمی آئی ہے، جبکہ زرعی زمینوں پر ہاؤسنگ سوسائٹیز بننے کا رجحان بھی بڑھ رہا ہے، اسپیکر پنجاب اسمبلی بھی اس بات کی نشاندہی کر چکے ہیں کہ کپاس کی فصل کے لیے استعمال ہونے والی زمینوں پر رہائشی منصوبے قائم ہو رہے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ فروری میں جنگ شروع ہونے کے بعد عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں بڑھیں تو پاکستان میں بھی حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل مہنگا کر دیا، تاہم اس کے ساتھ پیٹرولیم لیوی میں بھی اضافہ کیا گیا، ایک مرحلے پر پیٹرول کی قیمت 458 روپے اور ڈیزل کی قیمت 500 روپے تک پہنچا دی گئی، جبکہ جماعت اسلامی کے احتجاج کے بعد پیٹرول کی قیمت میں 80 روپے اور ڈیزل کی قیمت میں 32 روپے کمی کی گئی۔ حافظ نعیم الرحمان نے دعویٰ کیا کہ حکومتی وزرا خود پیٹرول کی قیمت ایک ہزار روپے فی لیٹر تک پہنچنے کا خدشہ ظاہر کر رہے تھے، جس سے حکومت اور ریفائنریز کی آمدن میں اضافے کا امکان تھا۔
حافظ نعیم الرحمان نے ریفائنریز کے منافع میں مبینہ طور پر 1100 فیصد اضافے سے متعلق سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ متعلقہ وزارتوں کو اس صورتحال کا بروقت علم کیوں نہیں ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو عوام کے بجائے طاقتور مفاداتی گروہوں کے مفادات کا تحفظ نہیں کرنا چاہیے اور ایسے معاملات پر مؤثر نگرانی ضروری ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ملک میں لینڈ، چینی، آٹا اور بینک مافیا ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں، جبکہ سیاسی جماعتیں ان گروہوں کے خلاف کھل کر بات کرنے سے گریز کرتی ہیں۔ ان کے بقول ان مافیاز اور کارٹیلز کے اثر و رسوخ کے باعث ملکی معیشت اور عام شہری متاثر ہو رہے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ حکومت کے ساتھ مذاکرات کے دوران ان کی جماعت کی ٹیم نے مسلسل عوامی ریلیف کا مطالبہ کیا ہے۔ اگرچہ اس وقت دھرنے نہیں ہو رہے، تاہم احتجاجی سرگرمیاں جاری ہیں اور جماعت اسلامی عوامی مسائل کے حل کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ انہوں نے بتایا کہ جماعت اسلامی نے حکومت کو مذاکرات کے لیے اپنا حتمی مسودہ دے دیا ہے اور 19 نومبر کو جماعت اسلامی کی مذاکراتی کمیٹی کی نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ملاقات طے ہے۔ حافظ نعیم الرحمان کے مطابق ممکن ہے یہ ملاقات مذاکرات کا آخری دور ثابت ہو، کیونکہ جماعت اسلامی اب حکومت سے واضح اور عملی ریلیف کی توقع رکھتی ہے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت ریلیف پیکیج کا دائرہ وسیع کرے اور اسے صرف محدود طبقے تک نہ رکھا جائے، ٹریکٹرز اور 1300 سی سی گاڑیوں کو بھی ریلیف میں شامل کیا جانا چاہیے، جبکہ پیٹرولیم لیوی کو مرحلہ وار ختم کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں، آئی ایم ایف کا نام لے کر عوام کو ریلیف دینے سے انکار نہیں کیا جا سکتا اور حکومت کو اپنی ذمہ داری قبول کرنا ہوگی۔ اگر ریلیف کا دائرہ نہ بڑھایا گیا تو جماعت اسلامی کے لیے حکومت کے ساتھ مذاکرات جاری رکھنا مشکل ہو سکتا ہے اور احتجاجی مظاہروں کے ساتھ دھرنے دوبارہ شروع کیے جا سکتے ہیں۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جماعت اسلامی کی احتجاجی سرگرمیاں صرف پیٹرول کی قیمتوں تک محدود نہیں بلکہ گیس کی قیمتوں، لوڈشیڈنگ، مہنگائی اور زراعت کی خراب صورتحال کے خلاف بھی آواز اٹھائی جا رہی ہے، حکومت نے گیس کی قیمت 290 روپے مقرر کر رکھی ہے، لیکن صارفین کو بعض صورتوں میں 600 روپے تک قیمت ادا کرنا پڑ رہی ہے۔ انہوں نے بجلی کے معاملے پر بھی کہا کہ جماعت اسلامی کی جدوجہد کے نتیجے میں عوام کو ریلیف ملا، تاہم آئی پی پیز کے ساتھ مزید ایسے معاہدے قبول نہیں کیے جائیں گے جن سے صارفین پر اضافی مالی بوجھ پڑے۔
امیر جماعت اسلامی نے اعلان کیا کہ 22 نومبر کو بلوچستان میں پیٹرول، بجلی، مہنگائی اور امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے جلسہ کیا جائے گا، جبکہ 29 نومبر کو مینار پاکستان لاہور میں بڑا جلسہ منعقد ہوگا، لاہور، کوئٹہ، پشاور اور کراچی سمیت مختلف شہروں میں بڑے عوامی اجتماعات کیے جائیں گے، جن کا مقصد عوامی مسائل کو اجاگر کرنا اور حکومتی پالیسیوں پر دباؤ بڑھانا ہے، بلوچستان میں عوام اور سیکیورٹی اہلکاروں کی شہادتیں ہو رہی ہیں، اس لیے صوبے میں امن و امان کی صورتحال بھی ان کی جماعت کے مطالبات کا اہم حصہ ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ حکومت کی ناقص پالیسیوں سے ملک میں بیرونی قوتوں کے اثر و رسوخ میں اضافے کے خدشات پیدا ہوتے ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے حقوق کے لیے آواز بلند کریں اور جماعت اسلامی مافیاز کو بے نقاب کرنے کے لیے عوامی طاقت استعمال کرے گی۔
بلدیاتی نظام کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک میں چھوٹے انتظامی یونٹس کے قیام کی حامی ہے، تاہم اس معاملے پر فیصلہ آئینی طریقہ کار اور اتفاق رائے سے ہونا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ آئین میں مقامی حکومتوں کو اختیارات منتقل کرنے کا راستہ موجود ہے اور منتخب بلدیاتی اداروں کو بااختیار بنانا ضروری ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ پنجاب میں 2015 کے بعد سے بلدیاتی انتخابات کیوں نہیں ہوئے، اسلام آباد میں انتخابات کا شیڈول چھٹی مرتبہ کیوں معطل کیا گیا اور بلوچستان و خیبر پختونخوا میں بھی بلدیاتی نظام کے انتخابات کیوں نہیں کرائے جا رہے۔ کراچی میں جماعت اسلامی کے دباؤ کے نتیجے میں بلدیاتی انتخابات ہوئے، تاہم وہاں عوامی مینڈیٹ کے حوالے سے تحفظات موجود ہیں۔
پنجاب میں ممکنہ سیاسی تبدیلیوں سے متعلق سوال پر حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ تبدیلی کی خبروں کی ایک وجہ حکومتی کارکردگی پر اٹھنے والے سوالات بھی ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انتظامی یونٹس اور صوبوں سے متعلق معاملات سیاسی اتفاق رائے اور آئینی تقاضوں کے مطابق آگے بڑھنے چاہئیں۔
بانی پی ٹی آئی عمران خان کی صحت سے متعلق بات کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ان کا باقاعدہ علاج ہونا چاہیے اور انہیں تمام ضروری طبی سہولیات فراہم کی جانی چاہئیں، کسی بھی زیر حراست شخص کو علاج معالجے کی سہولت سے محروم نہیں رکھا جانا چاہیے اور طبی معاملات کو ڈاکٹروں کی ہدایات کے مطابق حل کیا جانا ضروری ہے۔







