کراچی پریس کلب میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ موجودہ عالمی حالات نے پاکستان کی معیشت پر بھی اثرات مرتب کیے ہیں، تاہم ملک کے اندر عوام کو درپیش مسائل بھی انتہائی سنگین ہیں، انہوں نے اپنی زندگی میں معاشی حالات کو اس قدر خراب نہیں دیکھا۔ غربت اور بے روزگاری بڑھ رہی ہے جبکہ مہنگائی نے عام شہریوں کے لیے روزمرہ زندگی گزارنا مشکل بنا دیا ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ سب سے زیادہ مشکلات غریب، محنت کش اور متوسط طبقے کو برداشت کرنا پڑ رہی ہیں۔ سفید پوش خاندانوں کے لیے گھریلو اخراجات پورے کرنا مشکل ہو چکا ہے اور عوام بجلی کے بھاری بل دیکھ کر پریشان ہو جاتے ہیں، کئی خاندانوں کو بچوں کی تعلیم جاری رکھنے اور گھر کے لیے دو وقت کی روٹی کا انتظام کرنے کے درمیان مشکل انتخاب کرنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشی حالات کے باعث عام خاندان ایسے فیصلے کرنے پر مجبور ہیں جن کا تصور بھی مشکل ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ موجودہ صورتحال پر انہیں ذاتی طور پر بھی تشویش ہے اور وہ سوچتے ہیں کہ ان حالات میں غریب، محنت کش اور پسماندہ طبقے کس طرح زندگی گزاریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ معاشی مشکلات بڑھنے کے باوجود سیاسی قیادت کی توجہ عوامی مسائل کے بجائے دیگر معاملات پر مرکوز دکھائی دیتی ہے۔ سیاستدان مختلف موضوعات پر بحث کرتے ہیں، لیکن غربت، بے روزگاری اور مہنگائی جیسے بنیادی مسائل کو وہ اہمیت نہیں مل رہی جس کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں نفرت اور سیاسی تقسیم کو ہوا دینے کے بجائے عوامی مسائل کے حل کو ترجیح دینا ہوگی۔ حکمرانوں کو یہ بات یاد دلانا ضروری ہے کہ انہیں اقتدار عوام کی خدمت کے لیے ملا ہے اور ان کی بنیادی ذمہ داری شہریوں کو ریلیف فراہم کرنا ہے۔ بلاول بھٹو کے مطابق سیاسی قیادت کو اختلافات سے بالاتر ہو کر معاشی مشکلات کم کرنے اور عوام کا معیار زندگی بہتر بنانے کے لیے اقدامات کرنے چاہئیں۔

نظام کی خرابیوں پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ سسٹم کی تباہی کا معاملہ لاہور سے شروع ہوا، لیکن اس بات پر سنجیدہ بحث نہیں کی جاتی کہ آخر نظام اس مقام تک کیسے پہنچا۔ ان کا کہنا تھا کہ نظام خود بخود تباہ نہیں ہوا بلکہ اسے مختلف فیصلوں اور اقدامات کے ذریعے اس حال تک پہنچایا گیا، جس کے ذمہ دار ہم سب ہیں۔ جب تک خرابیوں کی اصل وجوہات کا تعین نہیں کیا جائے گا، اس وقت تک صرف مسائل کا عارضی حل تلاش کرنے سے کوئی خاطر خواہ بہتری نہیں آئے گی۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ملک میں سیاسی ری سیٹ کی ضرورت ہے، تاہم یہ عمل غیر سیاسی نہیں بلکہ سیاسی ہونا چاہیے، سیاستدان عوام کے منتخب نمائندے ہیں اور انہیں نظام کی بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ اگر سیاسی قیادت اپنی ذمہ داریاں پوری نہیں کرے گی تو عوام کے بنیادی مسائل حل نہیں ہو سکیں گے۔ انہوں نے تمام اداروں پر بھی زور دیا کہ وہ عوام کا اعتماد بحال کرنے کے لیے اقدامات کریں۔

میڈیا کی صورتحال اور صحافیوں کو درپیش مسائل پر بات کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے مختلف اداروں سے صحافیوں کی برطرفیوں پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ صحافی دن رات محنت کرتے ہیں، اس کے باوجود انہیں ملازمتوں سے فارغ کیا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق کراچی میں ایک نجی ٹی وی چینل سے 25 صحافیوں کو ملازمت سے نکالا گیا، جس سے تقریباً 50 خاندان متاثر ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا پہلے کی نسبت زیادہ مشکلات کا شکار ہے اور صحافیوں کے لیے اپنے پیشہ ورانہ فرائض انجام دینا آسان نہیں رہا۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ آزاد میڈیا کسی بھی جمہوری معاشرے کی ترقی کے لیے بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔ میڈیا کو آزادی حاصل ہوگی تو وہ عوام کے مسائل اجاگر کر سکے گا اور حکومتی پالیسیوں پر سوالات اٹھانے کے قابل ہوگا، صحافیوں کو سچ بیان کرنے سے پہلے قانونی کارروائی کے خدشات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جبکہ پیکا سمیت مختلف قوانین کے باعث میڈیا پر دباؤ بڑھنے کے خدشات موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میڈیا کو صرف کسی معاملے کا ایک پہلو بیان کرنے تک محدود نہیں ہونا چاہیے بلکہ صحافیوں کو مکمل سچ عوام کے سامنے رکھنے کی آزادی ہونی چاہیے۔ بلاول بھٹو نے صحافیوں سے میڈیا قوانین میں اصلاحات کے لیے تجاویز مرتب کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ان تجاویز کو پارلیمنٹ اور سندھ اسمبلی میں اٹھایا جائے گا۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ پیپلز پارٹی میڈیا کی آزادی کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی اور صحافیوں کے مسائل کو متعلقہ فورمز پر اجاگر کرے گی۔

پارلیمانی سیاست اور سیاسی اختلافات کے حوالے سے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پارلیمنٹ میں بحث، تنقید اور اختلافِ رائے جمہوری نظام کا لازمی حصہ ہیں۔ کسی بھی سیاسی جماعت یا رہنما سے اختلاف کا مطلب یہ نہیں کہ اس کی حب الوطنی پر سوال اٹھایا جائے، سیاسی اختلافات کا جواب گولی، بندوق یا دھمکیوں سے دینا درست نہیں، بلکہ معاملات کو بات چیت اور جمہوری طریقے سے حل کیا جانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے اپوزیشن کی حب الوطنی پر شک کرنا پارلیمان اور ملک دونوں کے ساتھ ناانصافی ہے۔ جمہوریت میں حکومت اور اپوزیشن دونوں کا اپنا کردار ہوتا ہے اور اختلافِ رائے کو برداشت کرنا سیاسی نظام کو مضبوط بنانے کے لیے ضروری ہے۔ بلاول بھٹو زرداری کے مطابق ملک کو درپیش معاشی اور سیاسی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تمام سیاسی قوتوں اور اداروں کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا