میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ عمران خان کی صحت اور علاج کا معاملہ حکومت کی توجہ میں ہے۔ طبی معاملات میں فیصلہ ڈاکٹروں اور متعلقہ طبی ماہرین نے کرنا ہے، اگر ڈاکٹرز کے بورڈ کی رائے میں عمران خان کو سرجری کی ضرورت ہے تو حکومت اس سلسلے میں تمام ضروری انتظامات اور سہولیات فراہم کرے گی۔

وزیراعظم کے مشیر نے واضح کیا کہ علاج معالجے کے معاملے پر حکومت کی جانب سے کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی نہیں برتی گئی، عمران خان اور بشریٰ بی بی کو ان کے ڈاکٹروں کی ایڈوائس کے مطابق طبی سہولیات مہیا کی جائیں گی اور صحت سے متعلق فیصلے طبی ماہرین کی سفارشات کی روشنی میں کیے جائیں گے۔

سیاسی صورتحال اور حکومت و پی ٹی آئی کے درمیان رابطوں سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے الزام عائد کیا کہ پی ٹی آئی پہلے انتشار اور ہنگامہ آرائی کا راستہ اختیار کرنا چاہتی تھی، تاہم اس میں کامیابی نہ ملنے کے بعد مذاکرات کی طرف آئی، حکومت نے ابتدا ہی سے معاملات کو خوش اسلوبی سے حل کرنے اور سیاسی مسائل کے لیے بات چیت کا راستہ اختیار کرنے کی کوشش کی، لیکن پی ٹی آئی کی جانب سے پہلے اس عمل پر آمادگی ظاہر نہیں کی گئی۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ حکومت کی پالیسی واضح ہے کہ سیاسی اور قومی معاملات کو تصادم کے بجائے مذاکرات اور بات چیت کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے، حکومت مسائل کے حل کے لیے سیاسی جماعتوں کے ساتھ بیٹھنے اور اختلافات دور کرنے کے لیے تیار ہے، تاہم یہ تاثر درست نہیں کہ مذاکرات کی میز پر کسی قسم کی ڈیل یا ڈھیل زیر غور ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان بات چیت کا مقصد سیاسی مسائل کو حل کرنا اور ملک میں سیاسی استحکام کی فضا پیدا کرنا ہونا چاہیے، مذاکرات کو کسی خفیہ سمجھوتے یا رعایت سے جوڑنا درست نہیں، حکومت اپنے مؤقف اور پالیسی کے مطابق سیاسی معاملات کو آگے بڑھانا چاہتی ہے۔

نئے صوبوں کے قیام سے متعلق سوال پر وزیراعظم کے مشیر نے کہا کہ یہ معاملہ جلد پارلیمنٹ میں زیر بحث آئے گا اور اس حوالے سے زیادہ انتظار نہیں کرنا پڑے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ نئے صوبوں کا قیام ایک اہم قومی اور آئینی معاملہ ہے، جسے کسی ایک فرد کے بیان یا فیصلے سے حل نہیں کیا جا سکتا۔

رانا ثنا اللہ نے واضح کیا کہ صوبوں کے معاملے پر پارلیمنٹ میں تفصیلی بحث ہوگی اور تمام متعلقہ پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا۔ ان کے مطابق یہ ایسا معاملہ ہے جس پر سیاسی جماعتوں اور پارلیمانی نمائندوں کو اپنی آرا پیش کرنے کا موقع ملنا چاہیے، جس کے بعد ہی کسی نتیجے تک پہنچا جا سکتا ہے۔