کراچی پریس کلب میں گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ غریب اور محنت کش طبقہ شدید مشکلات سے دوچار ہے، جبکہ سفید پوش خاندانوں کے لیے بھی اخراجات پورے کرنا مشکل ہو گیا ہے۔ لوگ بجلی کے بل دیکھنے سے خوفزدہ ہیں اور والدین کو بچوں کی تعلیم اور دو وقت کی روٹی میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنا پڑ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ معاشی صورتحال پر وہ خود بھی پریشان ہیں اور انہیں فکر ہے کہ ان حالات میں غریب، محنت کش اور پسماندہ طبقوں کا کیا بنے گا۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ معاشی مشکلات بڑھ رہی ہیں، لیکن سیاستدان عوامی مسائل کو نظر انداز کرکے دوسرے موضوعات پر بات کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق نفرت اور تقسیم کی سیاست کے بجائے غربت، بے روزگاری اور مہنگائی کے خاتمے کے لیے بنیادی مسائل پر توجہ دینا ہوگی۔ حکمرانوں کو یاد دلانا سیاستدانوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کی خدمت کے لیے اقتدار میں آئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نظام کی خرابی کا معاملہ لاہور سے شروع ہوا، لیکن اس بات پر بحث نہیں کی جاتی کہ نظام کیوں تباہ ہوا۔ ان کے بقول نظام خود تباہ نہیں ہوا بلکہ اسے تباہ کیا گیا، جس کے ذمہ دار ہم سب ہیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ نظام کی بہتری کے لیے سیاسی ری سیٹ ضروری ہے، تاہم یہ عمل غیر سیاسی نہیں بلکہ سیاسی ہونا چاہیے، کیونکہ سیاستدان عوام کے نمائندے ہیں۔ تمام اداروں کو عوام کا اعتماد بحال کرنا ہوگا اور اگر سیاستدان اپنا کردار ادا نہیں کریں گے تو بنیادی مسائل حل نہیں ہوں گے۔

صحافیوں کی برطرفیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ صحافی محنت کے باوجود روزگار سے محروم ہو رہے ہیں۔ ان کے مطابق کراچی میں ایک نجی ٹی وی چینل نے 25 صحافیوں کو ملازمت سے فارغ کیا، جس سے 50 خاندان متاثر ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میڈیا اور صحافی پہلے سے زیادہ کمزور ہو چکے ہیں، جبکہ آزاد میڈیا کے بغیر کوئی معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا۔ میڈیا کو مکمل آزادی ملنی چاہیے تاکہ وہ عوامی مسائل اجاگر کر سکے۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ صحافی سچ بولنے سے پہلے قانونی کارروائی کے خوف میں مبتلا ہیں اور پیکا سمیت مختلف قوانین کے باعث میڈیا پر دباؤ بڑھا ہے۔ انہوں نے صحافیوں سے میڈیا قوانین میں اصلاحات کے لیے تجاویز دینے کی اپیل کی اور کہا کہ ان تجاویز کو پارلیمنٹ اور سندھ اسمبلی میں اٹھایا جائے گا۔

پارلیمانی نظام پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بحث اور اختلافِ رائے جمہوریت کا حسن ہے۔ اختلاف کا جواب گولی، بندوق یا دھمکیوں سے نہیں دینا چاہیے۔ اپوزیشن پر تنقید کی بنیاد پر اسے محب وطن نہ ہونے کا الزام دینا بھی ناانصافی ہے۔

ان کے مطابق سیاسی نظام میں بہتری لانے کے لیے پارلیمان کو مؤثر بنانا ہوگا۔ پارلیمان حکومت اور اپوزیشن دونوں کے کردار سے چلتی ہے اور سیاسی نظام پر عوام کا اعتماد بحال کرنے کے لیے دونوں کو مل کر کام کرنا چاہیے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ اپوزیشن کا کام حکومت پر تنقید کرنا اور اس کی غلطیوں کی نشاندہی کرنا ہے، تاہم حکومت کو اس تنقید کا جواب گرفتاریوں یا نیب کی دھمکیوں سے نہیں دینا چاہیے۔

انہوں نے مولانا فضل الرحمان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انہیں حکومت پر تنقید کا حق حاصل ہے اور ان کے خلاف کارروائی کرنے کے بجائے ان کے سوالات کا جواب دینا چاہیے۔ بلاول بھٹو کے مطابق مولانا فضل الرحمان کا پارلیمان پر اعتماد بحال کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے، جبکہ عوام انتخابات میں اپوزیشن کی کارکردگی کا فیصلہ کریں گے۔