ایکسپریس وے سروس روڈ کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ منصوبے کی تکمیل میں تاخیر ہو رہی تھی، جس کی بڑی وجہ سوئی گیس کی لائن تھی جو تعمیراتی کام میں رکاوٹ بنی ہوئی تھی۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد ایکسپریس وے کی تکمیل سے اسلام آباد اور راولپنڈی کے درمیان سفر کا دورانیہ کم ہوگا اور اس سے بڑی آبادی کو فائدہ پہنچے گا۔ کورال سے آگے بھی سروس روڈ کی توسیع پر غور کیا جا رہا ہے۔

ملک میں موٹرویز کے منصوبوں سے متعلق سوال پر وزیر داخلہ نے کہا کہ مختلف منصوبوں پر کام جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اینٹی نارکوٹکس فورس اور نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی کی استعداد کار بڑھانے کی ضرورت ہے۔

محسن نقوی نے کہا کہ وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے) مختلف مافیاز کے خلاف کافی کام کر رہا ہے۔

اس موقع پر صحافی نے ڈی آئی جی محمد بن اشرف کے واقعے میں کمزور ایف آئی آر درج ہونے سے متعلق سوال کیا تو وزیر داخلہ نے اعتراف کیا کہ اس کیس میں بہت زیادہ دباؤ تھا۔

فاطمہ اصغر کیس سے متعلق سوال پر محسن نقوی نے کہا کہ وہ سفر میں ہونے کے باوجود اس معاملے کو خود دیکھ رہے تھے۔ ان کے مطابق بچی کے والد مقدمہ درج نہیں کروا رہے تھے۔

انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ اسلام آباد پولیس اس کیس کی مؤثر تحقیقات کر رہی ہے اور آئندہ بھی تحقیقات جاری رکھے گی۔

اسلام آباد کی حدود میں توسیع کے منصوبے سے متعلق سوال پر وزیر داخلہ نے کہا کہ ان کے علم میں ایسا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔

محسن نقوی نے مزید کہا کہ گزشتہ ڈیڑھ سال کے دوران اسلام آباد میں 28 فیصد زیادہ درخت لگائے گئے ہیں، جبکہ شہر میں درختوں سے متعلق سپارکو کی رپورٹ بھی سامنے آ چکی ہے۔