راولپنڈی میں اڈیالہ جیل روڈ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ گزشتہ سال پارٹی کی جانب سے جن لوگوں کے نام دیے جاتے تھے ان کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہیں کرائی جاتی تھی۔ آئندہ بھی اگر اپنی مرضی سے لوگوں کو ملاقات کے لیے بھیجا گیا تو اس پر سوالات اٹھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ سلمان صفدر اور لطیف کھوسہ کے بیانات میں فرق ہو تو سوالات پیدا ہونا فطری بات ہے۔ ان کے مطابق بانی پی ٹی آئی سے ملاقات میں صرف قانونی امور پر بات نہیں ہوئی۔
سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا کہ اس وقت ایسا کوئی معاملہ نظر نہیں آتا جسے ڈیل یا ڈھیل قرار دیا جا سکے۔ بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کو نظر بند رکھنا اور پھر رہا کرنا کوئی احسان نہیں ہے۔
انہوں نے بانی پی ٹی آئی کے خط کو انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان پہلے بھی خطوط لکھ چکے ہیں، تاہم موجودہ خط خاص اہمیت کا حامل ہے۔
سلمان اکرم راجہ نے عمران خان کی صحت سے متعلق سامنے آنے والی خبروں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کا بلڈ پریشر 193 ہونا پوری قوم کے لیے لمحہ فکریہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کوئی ڈیل نہیں مانگ رہے بلکہ اپنی اہلیہ کے علاج معالجے کی بات کر رہے ہیں۔ عمران خان مقابلے کے لیے تیار ہیں اور آگے بھی اپنی جدوجہد جاری رکھنا چاہتے ہیں۔
پی ٹی آئی سیکرٹری جنرل نے کہا کہ وہ بانی پی ٹی آئی کے اعتماد پر ان کے شکر گزار ہیں۔ اگر کسی کا مقصد پارٹی میں انتشار پیدا کرنا ہے تو اس کا جواب دینا ضروری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ محمود خان اچکزئی اور علامہ ناصر عباس کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا گیا، جس پر بانی پی ٹی آئی کو کہنا پڑا کہ انہیں دونوں رہنماؤں پر اعتماد ہے۔






