مظفرآباد میں پارٹی رہنماؤں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ افتخار گیلانی آزاد کشمیر کے وزیراعظم بن گئے ہیں تو میں سمجھتا ہوں کہ وزیراعظم میں بن گیا ہوں۔ جو جذبہ مجھ میں ہے، وہی جذبہ میں ان کے دل میں بھی دیکھ رہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ وہ آزاد کشمیر آتے رہیں گے، اجلاس بھی کریں گے اور مختلف علاقوں کے دورے بھی کریں گے۔

نواز شریف کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر کا ماضی بہت دردناک رہا ہے۔ یہاں ایسی حکومتیں بھی آئیں جنہیں عوام کی کوئی پرواہ نہیں تھی۔ وہ اپنے وعدے بھول گئیں اور ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ ماضی کی حکومتوں نے عوام کے ساتھ بے حسی کا سلوک کیا، جس پر انہیں دکھ ہوا۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ الحمدللہ آزاد کشمیر میں اب ماضی سے مختلف سوچ اور منصوبہ بندی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بھی گرین بسیں اور لیپ ٹاپ فراہم کرکے آزاد کشمیر کی ترقی میں اپنا حصہ ڈالا ہے، جب کہ وزیراعظم شہباز شریف نے یہاں ترقیاتی منصوبوں کے لیے فنڈنگ کا وعدہ کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پارٹی کی حکومت اور قیادت ایک پیج پر ہیں اور خطے کی ترقی میں سنجیدگی سے حصہ لے رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں سی پیک کے تحت آزاد کشمیر میں کئی منصوبے لانے کا ارادہ تھا۔ مظفرآباد سے میرپور تک موٹروے بنانے کا منصوبہ تھا، جس سے علاقے کو بہت فائدہ ہوتا۔ سکھر سے حیدرآباد موٹروے بننے سے پہلے ہی بدقسمتی سے ہماری حکومت ختم ہوگئی اور یہ منصوبہ آج تک مکمل نہیں ہوسکا۔

نواز شریف نے کہا کہ اگر پشاور سے کراچی تک موٹروے مکمل ہو اور پورے راستے موٹروے نظر آئے تو دل کتنا خوش ہوگا۔ یہ ایک کمی رہ گئی تھی، جسے دور کرنے کے لیے وہ کہیں گے کہ اس منصوبے کو جلد مکمل کیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کو سڑکوں اور ہائی ویز سے بھر دیا گیا تھا۔ گوادر سے کوئٹہ تک ہائی وے بنائی گئی، جس سے پہلے یہ سفر 48 گھنٹوں میں طے ہوتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ وہ صرف پنجاب کی نہیں بلکہ بلوچستان، خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان کی بھی بات کرتے ہیں۔

سابق وزیراعظم نے بتایا کہ گلگت سے اسکردو تک ہائی وے تعمیر کی گئی، جس پر 50 ارب روپے لاگت آئی، حالانکہ اس وقت گلگت بلتستان کا مجموعی بجٹ 5 سے 6 ارب روپے تھا۔ اس کے باوجود وہاں 50 ارب روپے کی ہائی وے بنائی گئی۔

نواز شریف نے خیبرپختونخوا میں سابق حکومتوں کی کارکردگی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہاں ایک ہی جماعت کی 15، 15 سال حکومت رہی، لیکن انہوں نے کیا کیا؟ صوبے میں ایک منصوبہ خود مکمل کروایا گیا اور وہ لواری ٹنل تھا، جو 50 سال تک زیرالتوا رہا۔

انہوں نے کہا کہ انہوں نے لواری ٹنل منصوبہ مکمل کرنے کا فیصلہ کیا اور کہا کہ اس پر 25 ارب روپے لگیں یا 50 ارب، اسے مکمل کیا جائے۔ ان کے بقول اس منصوبے کو مکمل کرنے کا انہیں یہ انعام ملا کہ ان کی حکومت ختم کردی گئی۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ ان کے دور میں 18 سے 20 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ تین سال میں ختم کی گئی۔ 2013 سے 2017 کے دوران ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر 104 روپے پر مستحکم رہی، جس پر اسحاق ڈار کو بھی شاباش ملنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت شرح سود سوا 5 فیصد تھی، جبکہ آج 14 سے 15 فیصد کی باتیں ہوتی ہیں۔ گزشتہ دور میں شرح سود 22 سے 23 فیصد تک پہنچ گئی تھی۔ اب خدا خدا کرکے شرح سود دوبارہ نیچے آئی ہے، تاہم ان کے دور میں یہ سوا 5 فیصد تھی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے مقبوضہ کشمیر کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کی وادی ان کے خون سے سرخ ہو چکی ہے۔ وہاں کے کشمیری رہنما قید و بند کی صعوبتیں برداشت کر رہے ہیں۔ انہیں یقین ہے کہ کشمیریوں کی قربانیاں ضرور رنگ لائیں گی۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں اور بہنوں کی سیاسی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گی، یہاں تک کہ انہیں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حقوق حاصل نہیں ہو جاتے۔

وزیراعظم نے کہا کہ آزاد کشمیر کے وزیراعظم کی جانب سے جن منصوبوں کا اعلان کیا گیا ہے، ان کے لیے وفاقی حکومت ہر ممکن مالی وسائل فراہم کرے گی۔ انہیں اطمینان ہے کہ یہ منصوبے مکمل شفافیت اور محنت کے ساتھ شروع کیے جائیں گے اور انہیں پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار، امیر مقام، احسن اقبال، رانا ثنا اللہ اور دیگر رہنماؤں نے بھی اس سلسلے میں بھرپور محنت کی، جبکہ پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نواز نے بھی تعاون کیا۔

شہباز شریف نے اعلان کیا کہ اگلے ماہ بھمبر میں دانش اسکول کا افتتاح کیا جائے گا۔ ان کے مطابق اس اسکول میں مصنوعی ذہانت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کی لیبارٹریز بھی قائم کی جائیں گی، جہاں بہترین اساتذہ بچوں کو تعلیم فراہم کریں گے۔ کمزور مالی حالات سے تعلق رکھنے والے مستحق بچوں اور بچیوں کو بھی معیاری تعلیم کے مواقع میسر آئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی ہدایت کے مطابق آزاد کشمیر کے دیگر علاقوں میں بھی دانش اسکولوں کی تعمیر جاری ہے، جبکہ مظفرآباد میں دانش یونیورسٹی کا کیمپس بھی تعمیر کیا جا رہا ہے۔

وزیراعظم نے مزید بتایا کہ اسلام آباد میں قائم آسان خدمت سینٹر کی طرز پر آزاد کشمیر میں بھی ایسا مرکز قائم کیا جائے گا، جہاں شہریوں کو شناختی کارڈ، پولیس، صحت اور دیگر معاملات میں سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر میں ویمن اسپیشل ٹیکنالوجی پارک بھی مکمل ہو چکا ہے، جبکہ اس منصوبے کو مزید آگے بڑھانے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔

شہباز شریف نے نواز شریف کو یقین دلایا کہ آزاد کشمیر کی ترقی اور خوشحالی کے لیے ان کی ہدایات پر ہر ممکن حد تک عمل کیا جائے گا اور وفاقی حکومت اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔

مظفرآباد میں آزاد کشمیر کی قیادت اور مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ آزاد کشمیر کے وزیراعظم افتخار گیلانی نے ترقیاتی منصوبوں کی تیاری مکمل کر رکھی ہے اور نواز شریف کے وعدوں پر عمل درآمد کا آغاز بھی ہوگیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے آزاد کشمیر کی ترقی میں اپنا حصہ ڈالنے اور منصوبوں کے لیے ضروری وسائل فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا۔ اب اس وعدے کو عملی شکل دینے کا آغاز خوش آئند ہے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر کے وزیراعظم نے اپنا گھر اسکیم، گرین بس سروس، کلینکس آن ویلز، کیتھ لیبز اور اسکل ڈیولپمنٹ سمیت مختلف منصوبے شروع کیے ہیں۔ انہیں امید ہے کہ یہ منصوبے مقررہ مدت سے پہلے مکمل کر لیے جائیں گے، تاہم منصوبوں کے آغاز کے ساتھ ان کی تکمیل کی تاریخوں کو بھی پیش نظر رکھنا ضروری ہے۔

انہوں نے اسکل ڈیولپمنٹ کو ایک ایسا شعبہ قرار دیا جس میں فوری نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں ایک مکمل ماڈل تیار کیا گیا ہے، جس کے تحت ڈھائی سال میں پانچ لاکھ افراد کو تربیت دی گئی اور سیکڑوں افراد کو روزگار کے حصول میں مالی معاونت، سفری اخراجات اور ویزا پراسیسنگ میں مدد فراہم کی گئی۔

مریم نواز نے کہا کہ مختلف ممالک کی جاب مارکیٹس کا جائزہ لے کر تربیتی پروگرام تیار کیے گئے ہیں اور ان کے خیال میں کسی شہری کو چھ ماہ میں اس قابل بنایا جا سکتا ہے کہ وہ اپنا روزگار کما سکے، چاہے وہ پاکستان میں رہنا چاہے یا بیرون ملک کام کرنا چاہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (پی آئی ٹی بی) کی اہمیت بیان کرتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ پنجاب حکومت کی ریڑھ کی ہڈی بن چکا ہے۔ اس کے ذریعے منصوبوں کے مستحقین، نگرانی اور پیش رفت سے متعلق معلومات انہیں لمحہ بہ لمحہ ملتی رہتی ہیں، جس سے حکومتی منصوبوں کی مانیٹرنگ آسان ہوتی ہے۔

انہوں نے آزاد کشمیر کی حکومت پر زور دیا کہ وہ پولیس اصلاحات اور امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے پر بھی توجہ دے۔ ان کا کہنا تھا کہ صرف اسپتال، کلینکس آن ویلز اور گرین بسیں شروع کرنا کافی نہیں، بلکہ ان منصوبوں کی 24 گھنٹے نگرانی بھی ضروری ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ عوام کو یہ احساس ہونا چاہیے کہ ان کی حکومت نہ صرف ترقیاتی کام کر رہی ہے بلکہ ان کی مشکلات کے حل کے لیے بھی دستیاب ہے۔ پولیس، صحت، راشن یا غربت سے متعلق کسی بھی مسئلے کے لیے ایسا فورم ہونا چاہیے جہاں شہری وزیراعظم تک اپنی شکایت پہنچا سکیں اور انہیں 24 گھنٹے کے اندر جواب مل سکے۔

انہوں نے آزاد کشمیر کے وزیراعظم کو مشورہ دیا کہ وہ عوام کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہیں، اپنی حکومت کے منصوبوں سے آگاہ کریں اور وزرا کو واضح اہداف اور مدت کے ساتھ ذمہ داریاں سونپ کر ان کی پیش رفت کی نگرانی کریں۔

مریم نواز نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ آزاد کشمیر میں عوام کو وہ بنیادی سہولیات فراہم کی جا سکیں گی جو شاید انہیں کئی دہائیوں سے نہیں مل سکیں۔ انہوں نے آزاد کشمیر کی ترقی کے لیے پنجاب حکومت کی جانب سے تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔