پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے فرمایا کہ نظام خود نہیں گرا، اسے جان بوجھ کر تباہ کیا گیا۔ یعنی یہ طبعی موت نہیں، قتل ہے۔ ذرا ٹھہر کے ہم نے بھی سوچا، بات تو دل کو لگتی ہے، کیونکہ جس نظام میں اتنے لوگ اتنے برس سے پوری لگن سے کام کر رہے ہوں وہ اتفاقاً کیسے مر سکتا ہے؟ ضرور کسی نے بڑی محنت کی ہو گی۔
اب مسئلہ یہ ہے کہ مقدمہ درج کرانے والے کی جیب میں مقتول کے کمرے کی چابیاں بھی ہیں۔ وزیراطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے اسی طرف توجہ دلائی کہ سیاسی جماعتیں دہائیوں سے اسی نظام کا حصہ ہیں اور اس کی خامیوں سے لاتعلق نہیں ہو سکتیں۔
طلال چوہدری نے یاد دلایا کہ پیپلز پارٹی ملک کے تقریباً ستر فیصد حکومتی ڈھانچے میں اثر رکھتی ہے۔ ہم نے یہ سنا تو سوچا کہ جس نے قتل کی خبر دی ہے وہ خود گواہ بھی ہے، شاید مخبر بھی، اور وارثوں کی فہرست میں بھی اس کا نام موجود ہے۔
مگر انصاف کا تقاضا ہے کہ یہ بھی دیکھا جائے کہ تارڑ صاحب کی جماعت کا نام وارثوں میں کتنے اوپر ہے۔ جو لوگ آج حکومت میں بیٹھ کر فرماتے ہیں کہ نظام ٹھیک چل رہا ہے، وہ بھی کل تک اسی نظام کے دوسرے سرے پر کھڑے ہو کر اس کی دہائی دیتے تھے۔ ہمارے ہاں اقتدار میں آنے والے کو ہمیشہ نظام صحت مند لگتا ہے اور اقتدار سے باہر والے کو ہمیشہ آئی سی یو میں۔ فرق صرف چشمے کا ہے، مریض وہی ہے۔
یہاں ایک نام اور بھی شامل ہے، جی وہی نام جسے بلاول کے ’بھائی‘ کا درجہ دیا جاتا ہے، جنہیں شہباز شریف کا دوست کہا جاتا ہے، محسن نقوی جنہوں نے ’سسٹم ری سیٹ‘ کرنے کی سب سے پہلے بات کی تھی۔ اب ان کے بارے میں سب کا خیال ہے کہ وہ وزیر تو شہبازکابینہ کے ہیں لیکن وہ ہوتے کسی اور کی ’اسائنمنٹ‘ پر ہیں۔ میرا خیال ہے کہ وہ جن کے لیے کام کرتے ہیں نظام پر سب سے زیادہ ان کا کنٹرول ہے۔ خیر واپس آتے ہیں بلاول کی طرف۔
بلاول صاحب نے ایک اور دلچسپ بات کہی کہ پی ٹی آئی ایک سیاسی حقیقت ہے اور اس کے بغیر ملک نہیں چل سکتا۔ ہمیں اس پر کوئی اعتراض نہیں، بس اتنا یاد رہے کہ یہی ’حقیقت‘ کبھی ان کے نزدیک ’فساد‘ رہی۔ 2022 میں اسی حقیقت کو ایوان کے اندر سے رخصت بھی کیا گیا تھا۔ سیاست میں حقیقتیں اسی طرح بدلتی ہیں جیسے موسم، فرق یہ ہے کہ موسم کی پیش گوئی کم از کم محکمہ موسمیات کر دیتا ہے۔
2022 تو دور کی بات ہے اکتوبر 2026 میں جس پی ٹی آئی کی حکومت کو ختم کرکے گورنر راج لگایا گیا ہے وہاں گورنر پیپلزپارٹی کا ہے اور جس نے حکمنامے پر دستخط کیے اس کرسی پر بلاول کے پاپا بیٹھے ہیں۔
یہی تو وجہ ہے کہ پی ٹی آئی اسے منافقت کہتی ہے۔ ہم ان کی ناراضی سے متفق ہیں کہ منافقت واقعی ہے۔ بس سوال یہ ہے کہ یہ جنس صرف ایک جماعت کے پاس تو نہیں ہوتی؟ جو جماعت مظلومیت کا لباس پہن کر آج احتجاج کرتی ہے، اس پر الزام ہے کہ کل اسے بھی اسی نظام نے گود میں بٹھا کر اقتدار تک پہنچایا تھا۔ جس نظام کو آج کوس رہی ہے، اس سے وہ ہمیشہ سے بیزار نہیں تھی، بس اس کی خرابی اسی دن نظر آنے لگی جس دن چابیاں واپس لی گئیں۔
اور اسٹیبلشمنٹ؟ وہ حسبِ معمول اس سارے تماشے پر کوئی تبصرہ نہیں کرتی، کیونکہ جو مالک ہو وہ کرائے داروں کے جھگڑے میں نہیں پڑتا۔ وہ صرف یہ دیکھتا رہتا ہے کہ مکان محفوظ ہے یا نہیں۔
آخر میں سوال وہی جو ہر بار رہ جاتا ہے۔ اس سب میں عوام کہاں ہیں؟ جواب یہ ہے کہ عوام اس مقدمے میں نہ مدعی ہیں، نہ ملزم، نہ گواہ۔ وہ تو صرف وہ مخصوص نشست ہیں جس پر ہر ایک کو بیٹھنا ہے مگر کسی کو جواب نہیں دینا۔
نظام مرا یا مارا گیا، فیصلہ تاریخ کرے گی۔ تب تک ہم تعزیتی بیانات سنتے رہیں گے، اور ہر بیان کا آخری جملہ یہی ہو گا کہ ’قاتل کو بے نقاب کیا جائے گا‘۔ قاتل اگر کبھی بے نقاب ہوا تو شاید پتا چلے کہ وہ سب کی جیب میں رکھی ہوئی وہی چابی تھی۔








