بلوچستان کے ضلع سوراب میں ایک افسوسناک دہشت گرد حملے میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) ہدایت اللہ بلیدی شہید ہو گئے، جب کہ متعدد سرکاری افسران کی رہائش گاہوں کو نذر آتش کر دیا گیا اور بینک کو بھی لوٹ لیا گیا ہے۔
نجی خبررساں ادارے ‘انڈیپینڈینٹ اردو’ کے مطابق بلوچستان حکومت کے ترجمان شاہد رند نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے اسے ریاستی رٹ کو چیلنج کرنے کی مذموم کوشش قرار دیا اور حملے کا الزام ’’ہندوستان کی پراکسیز‘‘ پر عائد کیا۔
ترجمان کے مطابق عسکریت پسندوں نے سوراب بازار میں نہ صرف بینک کو لوٹا بلکہ متعدد سرکاری افسران کی رہائش گاہوں کو آگ بھی لگا دی۔
ترجمان کے مطابق حملے کے وقت اے ڈی سی ریونیو ہدایت اللہ بلیدی کی رہائش گاہ پر خواتین اور بچے موجود تھے، جنہیں محفوظ رکھنے کے لیے انہوں نے جرات و بہادری سے دہشت گردوں کا مقابلہ کیا اور جامِ شہادت نوش کیا۔
شاہد رند نے کہا کہ ’’ریاست دشمن عناصر کی ہر کوشش کو ناکام بنایا جائے گا اور کلیئرنس آپریشن تیزی سے جاری ہے۔‘‘

واضح رہے کہ فرنٹیئر کور (ایف سی)، پولیس اور لیویز فورسز نے فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ واقعے کی ذمہ داری تاحال کسی تنظیم نے قبول نہیں کی۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابق ٹوئٹر) پر بیان جاری کرتے ہوئے اس حملے کا الزام کالعدم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) پر عائد کیا۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ اے ڈی سی ریونیو کے عہدے پر فائز ہونے کے باوجود، جب سوراب میں فتنہ الہند بی ایل ات کے دہشت گردوں نے بازار میں عورتوں اور بچوں پر گولیاں برسائیں، تو ہدایت اللہ بلیدی نے بلوچ روایات، ہمت اور ریاست پاکستان کے تحفظ کے عہد کی تکمیل کرتے ہوئے اپنی جان قربان کر دی۔ اللہ تعالیٰ ان کی شہادت کو قبول کرے اور لواحقین کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔ آمین۔
ADC ریونیو کے عہدے پر ہونے کے باجود آج جب سوراب میں فتنہ الہند BLA کے دہشت گردوں نے بازار میں عورتوں اور بچوں پر گولیاں برسانی شروع کیں تو ہدایت اللہ بلیدی نے بلوچ روایات اور ہمت کی پاسداری کرتے ہوئے ریاست پاکستان کے تحفظ کے عہد کی تکمیل کرتے ہوئے جان قربان کر دی۔ اللہ تعالیٰ ان… pic.twitter.com/05BfTYStZP
— Sarfraz Bugti (@PakSarfrazbugti) May 30, 2025
وزیرِاعظم شہباز شریف نے بزدلانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بزدل دہشت گردوں نے معصوم و نہتے شہریوں بشمول بچوں اور خواتین کو نشانہ بنایا، شرانگیزی میں ملوث بزدل دہشت گردوں کا معصوم شہریوں اور ان کی املاک پر حملہ ان کی عوام دشمن اور بلوچستان کی ترقی کے خلاف سوچ کی کھلی و واضح عکاسی ہے، دہشت گردوں کے ارض وطن سے صفائے تک ان کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ شہید ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہدایت اللہ بلیدی نے دہشت گردوں سے لڑتے ہوئے بہادری کی اعلی مثال قائم کی، پوری قوم کی ہمدردیاں ہدایت اللہ بلیدی شہید کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں، افواج پاکستان انڈین سرپرستی میں پاکستان میں دہشت گردی پھیلانے والی پراکسیوں کے سد باب کے لیے دن رات مصروف عمل ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ انڈین سر پرستی میں ارض وطن میں دہشت گردی پھیلانے والے عناصر کے ملک سے مکمل صفائی کےلیے پوری قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
یاد رہے کہ حالیہ مہینوں میں بلوچستان میں دہشت گردی کے واقعات میں تشویشناک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ 21 مئی کو خضدار میں آرمی پبلک سکول کی بس کو نشانہ بنایا گیا، جس میں چار بچوں سمیت چھ افراد جاں بحق ہوئے۔ مارچ میں سبی کے قریب جعفر ایکسپریس پر بی ایل اے کے حملے میں 26 مسافر جاں بحق اور پانچ سیکیورٹی اہلکار شہید ہوئے تھے۔
خیال رہے کہ پاکستانی فوج ان حملوں کے پیچھے انڈیا کی سرپرستی کے الزامات عائد کرتی رہی ہے، جب کہ نئی دہلی ان الزامات کی تردید کرتا رہا ہے۔