برطانیہ کے وزیر دفاع جان ہیلی نے کہا ہے کہ کوئی شک نہیں کہ برطانیہ 2034 تک دفاعی اخراجات کو مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) کے تین فیصد تک بڑھا دے گا۔
عالمی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق رواں سال فروری میں وزیر اعظم سر کیئر اسٹارمر نے اعلان کیا تھا کہ اپریل 2027 تک دفاعی اخراجات کو 2.5 فیصد تک بڑھایا جائے گا اور معاشی حالات اجازت دینے کی صورت میں 2034 تک یہ شرح تین فیصد تک لے جانے کا ارادہ ہے۔
بی بی سی کے ذرائع کے مطابق وزیر دفاع کو مکمل اعتماد ہے کہ یہ ہدف اگلی پارلیمان کے دوران حاصل کر لیا جائے گا۔ حکومت پیر کو اسٹریٹجک دفاعی جائزہ رپورٹ جاری کرے گی جس میں آئندہ برسوں کے لیے فوجی اور سیکیورٹی اخراجات کی ترجیحات شامل ہوں گی۔
وزارت دفاع نے اعلان کیا ہے کہ 1.5 ارب پاؤنڈ سے زائد اضافی فنڈنگ فوجی رہائش گاہوں کی بہتری پر خرچ کی جائے گی، جس میں ہنگامی مرمت، جیسے خراب بوائلرز کی درستگی اور پھپھوندی کا علاج، شامل ہے۔
مزید پڑھیں:پاکستانی وفد ’تجارتی مذاکرات‘ کے لیے اگلے ہفتے امریکا کے دورے پر آئے گا، ڈونلڈ ٹرمپ
یہ اقدام پارلیمنٹ کی دفاعی کمیٹی کی رپورٹ کے بعد کیا جا رہا ہے، جس میں بتایا گیا تھا کہ دو تہائی فوجی خاندانوں کے مکانات کو جدید معیار پر لانے کے لیے وسیع مرمت یا ازسرنو تعمیر کی ضرورت ہے۔
لبرل ڈیموکریٹس نے حکومتی اقدام کا خیر مقدم کیا اور مطالبہ کیا کہ فوجی رہائش گاہوں کو ’ڈیسنٹ ہومز اسٹینڈرڈ‘ پر لایا جائے، جو سوشل ہاؤسنگ کے لیے مقرر کردہ کم از کم معیار ہے۔