Follw Us on:

انٹر نیشنل کرکٹرز کے لیے ڈومیسٹک ٹورنامنٹ کھیلنا لازمی قرار

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک
Muhsan naqvi
اُن کا کہنا تھا کہ ڈومیسٹک کرکٹ کا مضبوط ڈھانچہ ہی بہترین کرکٹرز کی تیاری کا ذریعہ بنتا ہے۔ (فوٹو: گوگل)

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں قومی کرکٹ کے مختلف امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس میں ڈومیسٹک کرکٹ کے معیار کو بہتر بنانے، سینٹرل کنٹریکٹس اور آئندہ کرکٹ سیریز کی تیاریوں سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پاکستان کے تمام انٹرنیشنل کرکٹرز کے لیے کم از کم ایک ڈومیسٹک ٹورنامنٹ میں شرکت لازمی ہوگی۔ اس فیصلے کا مقصد ڈومیسٹک کرکٹ کو مضبوط بنانا اور نوجوان کھلاڑیوں کی بہتر گرومنگ یقینی بنانا ہے۔

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا کہنا تھا کہ انٹرنیشنل کرکٹرز کے ساتھ کھیلنے سے ڈومیسٹک پلیئرز کو سیکھنے کا موقع ملے گا جس سے ان کی کارکردگی میں نکھار آئے گا۔ اُن کا کہنا تھا کہ ڈومیسٹک کرکٹ کا مضبوط ڈھانچہ ہی بہترین کرکٹرز کی تیاری کا ذریعہ بنتا ہے۔

محسن نقوی نے کہا کہ ڈومیسٹک کرکٹرز سے ہی قومی ٹیم کے لیے ایک مضبوط “بیک اپ” تیار کیا جا سکتا ہے، اور یہی پائیدار کارکردگی کی بنیاد ہے۔ نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی اور رہنمائی کے لیے ضروری ہے کہ وہ تجربہ کار انٹرنیشنل کھلاڑیوں کے ساتھ میدان میں اتریں۔

Pakistani cricket team
اجلاس میں سینٹرل کنٹریکٹس پر کام شروع کرنے سے متعلق بھی بریفنگ دی گئی۔ (فوٹو: گوگل)

اجلاس میں سینٹرل کنٹریکٹس پر کام شروع کرنے سے متعلق بھی بریفنگ دی گئی۔ پی سی بی حکام نے بتایا کہ کنٹریکٹس کے نئے ڈھانچے پر جلد عملدرآمد ہوگا تاکہ کھلاڑیوں کی کارکردگی اور فٹنس کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیں موزوں معاہدے دیے جا سکیں۔

اجلاس میں ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ عثمان واہلہ نے آئندہ کرکٹ سیریز سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس میں پاکستانی ٹیم کی جنوبی افریقہ اور سری لنکا کے خلاف ہوم سیریز، ویسٹ انڈیز اور بنگلہ دیش کے دورے کی تیاریوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ حکام نے ٹیم کی تیاریوں کو مزید مؤثر بنانے پر زور دیا۔

اس اہم اجلاس میں پی سی بی کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن، چیف آپریٹنگ آفیسر سمیر احمد، ٹیم مینجر نوید اکرم چیمہ، ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس سینٹرز عاقب جاوید اور قومی ٹیم کے کپتان سلمان آغا نے بھی شرکت کی۔

یہ پاکستان میٹرز نیوز ڈیسک کی پروفائل ہے۔

نیوز ڈیسک

نیوز ڈیسک

Share This Post:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

متعلقہ پوسٹس