عرب خبر رساں ادارے کے مطابق تہران ایمرجنسی سروسز کے آپریشنز کمانڈر نے بتایا ہے کہ اب تک آگ کے نتیجے میں کسی جانی نقصان یا زخمی ہونے کی اطلاع موصول نہیں ہوئی، تاہم احتیاطی طور پر قریبی علاقوں کو الرٹ کر دیا گیا ہے،آگ لگنے کی وجوہات تاحال سامنے نہیں آ سکیں، تاہم فائر بریگیڈ اور ریسکیو ادارے صورتحال پر قابو پانے کے لیے سرگرم ہیں۔

رپورٹس کے مطابق آگ تہران کے مغربی علاقے جنت آباد میں واقع ایک بڑی مارکیٹ میں لگی، جہاں متعدد دکانیں اور اسٹالز قائم ہیں۔ آگ کے باعث کئی دکانوں کو شدید نقصان پہنچنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے، جبکہ شہریوں کو متاثرہ علاقے سے دور رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

مزید پڑھیں: ایران: جنوبی بندرگاہی شہر بندرعباس اور اہواز میں خوفناک دھماکے، پانچ سے زائد افراد جاں بحق 14 زخمی

تہران فائر ڈیپارٹمنٹ کے ترجمان جلال ملکی کا کہنا ہے کہ آگ کی شدت اس قدر زیادہ ہے کہ اس سے اٹھنے والے سیاہ دھوئیں کے بادل تہران کے مختلف علاقوں سے صاف دکھائی دے رہے ہیں۔ ان کے مطابق آگ پر قابو پانے کے لیے فائر بریگیڈ کی متعدد گاڑیاں اور عملہ فوری طور پر موقع پر پہنچا دیا گیا ہے۔

ایرانی سرکاری ٹیلی وژن کے مطابق فائر فائٹرز آگ بجھانے کے ساتھ ساتھ قریبی عمارتوں اور دکانوں کو محفوظ بنانے کی کوشش کر رہے ہیں تاکہ آگ مزید پھیل نہ سکے۔ فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سیاہ دھوئیں کے گھنے بادل آسمان کی جانب بلند ہو رہے ہیں اور اردگرد کے علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے رہے ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ آگ پر مکمل طور پر قابو پانے کے بعد واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کیا جائے گا۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ افواہوں پر کان نہ دھریں اور سرکاری ہدایات پر عمل کریں۔