سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیل میں خفیہ اطلاع پر ایک اہم اور فیصلہ کن کارروائی کرتے ہوئے بھارتی سرپرستی میں سرگرم 14 خوارج کو ہلاک کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، (دو اور تین جون 2025) کو شمالی وزیرستان کے حساس علاقے دتہ خیل میں دہشتگردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع ملنے پر سیکیورٹی فورسز نے بروقت اور بھرپور ایکشن لیا۔ کارروائی کے دوران دونوں جانب سے شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں چودہ دہشتگرد مارے گئے۔ یہ تمام دہشتگرد بھارتی ایجنڈے پر عمل پیرا تھے اور پاکستان میں بدامنی پھیلانے کی کوششوں میں ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، ہلاک ہونے والے خوارج علاقے میں تخریبی کارروائیوں اور بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنانے میں ملوث تھے۔ ان دہشتگردوں کو بھارتی انٹیلی جنس اداروں کی پشت پناہی حاصل تھی اور یہ ملک دشمن عناصر پاکستان کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانے کی سازشوں میں مصروف تھے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ علاقے میں کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے تاکہ ممکنہ طور پر چھپے ہوئے دیگر دہشتگردوں کا بھی خاتمہ یقینی بنایا جا سکے۔ سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر ہر زاویے سے مکمل سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے تاکہ امن و امان کی بحالی کو یقینی بنایا جا سکے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستانی سیکیورٹی فورسز مادرِ وطن سے دہشتگردی کے ناسور کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں اور ایسے تمام عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی جو پاکستان کے خلاف بیرونی ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارتی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کی کارروائیاں اس بات کا ثبوت ہیں کہ دشمن قوتیں پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کے لیے کسی بھی حد تک جانے کے لیے تیار ہیں، تاہم پاکستانی فورسز ہر سازش کو ناکام بنانے کی صلاحیت رکھتی ہیں اور ملک کی سلامتی کے لیے ہر وقت تیار ہیں۔
شمالی وزیرستان میں ہونے والی یہ کامیاب کارروائی اس بات کی غماز ہے کہ پاکستانی فورسز نہ صرف چوکنا ہیں بلکہ دشمن کے کسی بھی ناپاک عزائم کو بروقت اور بھرپور جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔
شمالی وزیرستان میں ہونے والی اس کارروائی پر صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
صدر مملکت نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ انسانیت کے دشمن دہشت گردوں کے مذموم عزائم خاک میں ملا دیں گے اور دہشت گردی کی عفریت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت اور سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے 14 دہشت گردوں کی ہلاکت کو بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ قوم سیکیورٹی فورسز کیصدر مملکت نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔ ان کارروائیوں کو تحسین کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں خارجیوں کو چھپنے کی کوئی جگہ نہیں ملے گی اور ملک کی سرزمین سے ایک ایک خارجی کا مکمل صفایا کیا جائے گا۔